8 یعقوب کے جتنے لوگ بچ کر متعدد اقوام کے بیچ میں رہیں گے وہ جنگلی جانوروں کے درمیان شیرببر اور بھیڑبکریوں کے بیچ میں جوان شیر کی مانند ہوں گے یعنی ایسے جانور کی مانند جو جہاں سے بھی گزرے جانوروں کو روند کر پھاڑ لیتا ہے۔ اُس کے ہاتھ سے کوئی بچا نہیں سکتا۔
9 تیرا ہاتھ تیرے تمام مخالفوں پر فتح پائے گا، تیرے تمام دشمن نیست و نابود ہو جائیں گے۔
10 رب فرماتا ہے، ”اُس دن مَیں تیرے گھوڑوں کو نیست اور تیرے رتھوں کو نابود کروں گا۔
11 مَیں تیرے ملک کے شہروں کو خاک میں ملا کر تیرے تمام قلعوں کو گرا دوں گا۔
12 تیری جادوگری کو مَیں مٹا ڈالوں گا، قسمت کا حال بتانے والے تیرے بیچ میں نہیں رہیں گے۔
13 تیرے بُت اور تیرے مخصوص ستونوں کو مَیں یوں تباہ کروں گا کہ تُو آئندہ اپنے ہاتھ کی بنائی ہوئی چیزوں کی پوجا نہیں کرے گا۔
14 تیرے اسیرت دیوی کے کھمبے مَیں اُکھاڑ کر تیرے شہروں کو مسمار کروں گا۔