1 اِن باتوں کے بعد اخسویر س بادشاہ نے اجاجی ہمّدا تا کے بیٹے ہامان کو مُمتاز اور سرفراز کِیا اور اُس کی کُرسی کو سب اُمرا سے جو اُس کے ساتھ تھے برتر کِیا۔
2 اور بادشاہ کے سب مُلازِم جو بادشاہ کے پھاٹک پر تھے ہامان کے آگے جُھک کر اُس کی تعظِیم کرتے تھے کیونکہ بادشاہ نے اُس کے بارے میں اَیسا ہی حُکم کِیا تھا پر مرد کَی نہ جُھکتا نہ اُس کی تعظِیم کرتا تھا۔
3 تب بادشاہ کے مُلازِموں نے جو بادشاہ کے پھاٹک پر تھے مرد کَی سے کہا تُو کیوں بادشاہ کے حُکم کو توڑتا ہے؟۔
4 جب وہ اُس سے روز کہتے رہے اور اُس نے اُن کی نہ مانی تو اُنہوں نے ہامان کو بتا دِیا تاکہ دیکھیں کہ مرد کَی کی بات چلے گی یا نہیں کیونکہ اُس نے اُن سے کہہ دِیا تھا کہ مَیں یہُودی ہُوں۔
5 جب ہامان نے دیکھا کہ مرد کَی نہ جُھکتا نہ میری تعظِیم کرتا ہے تو ہامان غُصّہ سے بھر گیا۔