۲۔تھسلنیکیوں 3:6-12 UGV

6 بھائیو، اپنے خداوند عیسیٰ مسیح کے نام میں ہم آپ کو حکم دیتے ہیں کہ ہر اُس بھائی سے کنارہ کریں جو بےقاعدہ چلتا اور جو ہم سے پائی ہوئی روایت کے مطابق زندگی نہیں گزارتا۔

7 آپ خود جانتے ہیں کہ آپ کو کس طرح ہمارے نمونے پر چلنا چاہئے۔ جب ہم آپ کے پاس تھے تو ہماری زندگی میں بےترتیبی نہیں پائی جاتی تھی۔

8 ہم نے کسی کا کھانا بھی پیسے دیئے بغیر نہ کھایا، بلکہ دن رات سخت محنت مشقت کرتے رہے تاکہ آپ میں سے کسی کے لئے بوجھ نہ بنیں۔

9 بات یہ نہیں کہ ہمیں آپ سے معاوضہ ملنے کا حق نہیں تھا۔ نہیں، ہم نے ایسا کیا تاکہ ہم آپ کے لئے اچھا نمونہ بنیں اور آپ اِس نمونے پر چلیں۔

10 جب ہم ابھی آپ کے پاس تھے تو ہم نے آپ کو حکم دیا، ”جو کام نہیں کرنا چاہتا وہ کھانا بھی نہ کھائے۔“

11 اب ہمیں یہ خبر ملی ہے کہ آپ میں سے بعض بےقاعدہ زندگی گزارتے ہیں۔ وہ کام نہیں کرتے بلکہ دوسروں کے کاموں میں خواہ مخواہ دخل دیتے ہیں۔

12 خداوند عیسیٰ مسیح کے نام میں ہم ایسے لوگوں کو حکم دیتے اور سمجھاتے ہیں کہ آرام سے کام کر کے اپنی روزی کمائیں۔