عاموس 2:9-15 UGV

9 یہ کیسی بات ہے؟ مَیں ہی نے اموریوں کو اُن کے آگے آگے نیست کر دیا تھا، حالانکہ وہ دیودار کے درختوں جیسے لمبے اور بلوط کے درختوں جیسے طاقت ور تھے۔ مَیں ہی نے اموریوں کو جڑوں اور پھل سمیت مٹا دیا تھا۔

10 اِس سے پہلے مَیں ہی تمہیں مصر سے نکال لایا، مَیں ہی نے چالیس سال تک ریگستان میں تمہاری راہنمائی کرتے کرتے تمہیں اموریوں کے ملک تک پہنچایا تاکہ اُس پر قبضہ کرو۔

11 مَیں ہی نے تمہارے بیٹوں میں سے نبی برپا کئے، اور مَیں ہی نے تمہارے نوجوانوں میں سے کچھ چن لئے تاکہ اپنی خدمت کے لئے مخصوص کروں۔“ رب فرماتا ہے، ”اے اسرائیلیو، کیا ایسا نہیں تھا؟

12 لیکن تم نے میرے لئے مخصوص آدمیوں کو مَے پلائی اور نبیوں کو حکم دیا کہ نبوّت مت کرو۔

13 اب مَیں ہونے دوں گا کہ تم اناج سے خوب لدی ہوئی بَیل گاڑی کی طرح جھولنے لگو گے۔

14 نہ تیز رَو شخص بھاگ کر بچے گا، نہ طاقت ور آدمی کچھ کر پائے گا۔ نہ سورما اپنی جان بچائے گا،

15 نہ تیر چلانے والا قائم رہے گا۔ کوئی نہیں بچے گا، خواہ پیدل دوڑنے والا ہو یا گھوڑے پر سوار۔