عزرا 6:14-20 UGV

14 چنانچہ یہودی بزرگ رب کے گھر پر کام جاری رکھ سکے۔ دونوں نبی حجی اور زکریاہ بن عِدّو اپنی نبوّتوں سے اُن کی حوصلہ افزائی کرتے رہے، اور یوں سارا کام اسرائیل کے خدا اور فارس کے بادشاہوں خورس، دارا اور ارتخشستا کے حکم کے مطابق ہی مکمل ہوا۔

15 رب کا گھر دارا بادشاہ کی حکومت کے چھٹے سال میں تکمیل تک پہنچا۔ ادار کے مہینے کا تیسرا دن تھا۔

16 اسرائیلیوں نے اماموں، لاویوں اور جلاوطنی سے واپس آئے ہوئے اسرائیلیوں سمیت بڑی خوشی سے رب کے گھر کی مخصوصیت کی عید منائی۔

17 اُنہوں نے 100 بَیل، 200 مینڈھے اور بھیڑ کے 400 بچے قربان کئے۔ پورے اسرائیل کے لئے گناہ کی قربانی بھی پیش کی گئی، اور اِس کے لئے فی قبیلہ ایک بکرا یعنی مل کر 12 بکرے چڑھائے گئے۔

18 پھر اماموں اور لاویوں کو رب کے گھر کی خدمت کے مختلف گروہوں میں تقسیم کیا گیا، جس طرح موسیٰ کی شریعت ہدایت دیتی ہے۔

19 پہلے مہینے کے 14ویں دن جلاوطنی سے واپس آئے ہوئے اسرائیلیوں نے فسح کی عید منائی۔

20 تمام اماموں اور لاویوں نے اپنے آپ کو پاک صاف کر رکھا تھا۔ سب کے سب پاک تھے۔ لاویوں نے فسح کے لیلے جلاوطنی سے واپس آئے ہوئے اسرائیلیوں، اُن کے بھائیوں یعنی اماموں اور اپنے لئے ذبح کئے۔