14 شہنشاہ اور اُس کے سات مشیر آپ کو یہوداہ اور یروشلم بھیج رہے ہیں تاکہ آپ اللہ کی اُس شریعت کی روشنی میں جو آپ کے ہاتھ میں ہے یہوداہ اور یروشلم کا حال جانچ لیں۔
15 جو سونا چاندی شہنشاہ اور اُس کے مشیروں نے اپنی خوشی سے یروشلم میں سکونت کرنے والے اسرائیل کے خدا کے لئے قربان کی ہے اُسے اپنے ساتھ لے جائیں۔
16 نیز، جتنی بھی سونا چاندی آپ کو صوبہ بابل سے مل جائے گی اور جتنے بھی ہدیئے قوم اور امام اپنی خوشی سے اپنے خدا کے گھر کے لئے جمع کریں اُنہیں اپنے ساتھ لے جائیں۔
17 اُن پیسوں سے بَیل، مینڈھے، بھیڑ کے بچے اور اُن کی قربانیوں کے لئے درکار غلہ اور مَے کی نذریں خرید لیں، اور اُنہیں یروشلم میں اپنے خدا کے گھر کی قربان گاہ پر قربان کریں۔
18 جو پیسے بچ جائیں اُن کو آپ اور آپ کے بھائی ویسے خرچ کر سکتے ہیں جیسے آپ کو مناسب لگے۔ شرط یہ ہے کہ آپ کے خدا کی مرضی کے مطابق ہو۔
19 یروشلم میں اپنے خدا کو وہ تمام چیزیں پہنچائیں جو آپ کو رب کے گھر میں خدمت کے لئے دی جائیں گی۔
20 باقی جو کچھ بھی آپ کو اپنے خدا کے گھر کے لئے خریدنا پڑے اُس کے پیسے شاہی خزانہ ادا کرے گا۔