عزرا 7:20-26 UGV

20 باقی جو کچھ بھی آپ کو اپنے خدا کے گھر کے لئے خریدنا پڑے اُس کے پیسے شاہی خزانہ ادا کرے گا۔

21 مَیں، ارتخشستا بادشاہ دریائے فرات کے مغرب میں رہنے والے تمام خزانچیوں کو حکم دیتا ہوں کہ ہر طرح سے عزرا امام کی مالی مدد کریں۔ جو بھی آسمان کے خدا کی شریعت کا یہ اُستاد مانگے وہ اُسے دیا جائے۔

22 اُسے 3,400 کلو گرام چاندی، 16,000 کلو گرام گندم، 2,200 لٹر مَے اور 2,200 لٹر زیتون کا تیل تک دینا۔ نمک اُسے اُتنا ملے جتنا وہ چاہے۔

23 دھیان سے سب کچھ مہیا کریں جو آسمان کا خدا اپنے گھر کے لئے مانگے۔ ایسا نہ ہو کہ شہنشاہ اور اُس کے بیٹوں کی سلطنت اُس کے غضب کا نشانہ بن جائے۔

24 نیز، آپ کو علم ہو کہ آپ کو اللہ کے اِس گھر میں خدمت کرنے والے کسی شخص سے بھی خراج یا کسی قسم کا ٹیکس لینے کی اجازت نہیں ہے، خواہ وہ امام، لاوی، گلوکار، رب کے گھر کا دربان یا اُس کا خدمت گار ہو۔

25 اے عزرا، جو حکمت آپ کے خدا نے آپ کو عطا کی ہے اُس کے مطابق مجسٹریٹ اور قاضی مقرر کریں جو آپ کی قوم کے اُن لوگوں کا انصاف کریں جو دریائے فرات کے مغرب میں رہتے ہیں۔ جتنے بھی آپ کے خدا کے احکام جانتے ہیں وہ اِس میں شامل ہیں۔ اور جتنے اِن احکام سے واقف نہیں ہیں اُنہیں آپ کو تعلیم دینی ہے۔

26 جو بھی آپ کے خدا کی شریعت اور شہنشاہ کے قانون کی خلاف ورزی کرے اُسے سختی سے سزا دی جائے۔ جرم کی سنجیدگی کا لحاظ کر کے اُسے یا تو سزائے موت دی جائے یا جلاوطن کیا جائے، اُس کی ملکیت ضبط کی جائے یا اُسے جیل میں ڈالا جائے۔“