ملاکی 2:3-9 UGV

3 تمہارے چال چلن کے سبب سے مَیں تمہاری اولاد کو ڈانٹوں گا۔ مَیں تمہاری عید کی قربانیوں کا گوبر تمہارے منہ پر پھینک دوں گا، اور تمہیں اُس کے سمیت باہر پھینکا جائے گا۔“

4 رب الافواج فرماتا ہے، ”تب تم جان لو گے کہ مَیں نے تم پر یہ فیصلہ کیا ہے تاکہ میرا لاوی کے قبیلے کے ساتھ عہد قائم رہے۔

5 کیونکہ مَیں نے عہد باندھ کر لاویوں سے زندگی اور سلامتی کا وعدہ کیا تھا، اور مَیں نے وعدے کو پورا بھی کیا۔ اُس وقت لاوی میرا خوف مانتے بلکہ میرے نام سے دہشت کھاتے تھے۔

6 وہ قابلِ اعتماد تعلیم دیتے تھے، اور اُن کی زبان پر جھوٹ نہیں ہوتا تھا۔ وہ سلامتی سے اور سیدھی راہ پر میرے ساتھ چلتے تھے، اور بہت سے لوگ اُن کے باعث گناہ سے دُور ہو گئے۔

7 اماموں کا فرض ہے کہ وہ صحیح تعلیم محفوظ رکھیں، اور لوگوں کو اُن سے ہدایت حاصل کرنی چاہئے۔ کیونکہ امام رب الافواج کا پیغمبر ہے۔

8 لیکن تم صحیح راہ سے ہٹ گئے ہو۔ تمہاری تعلیم بہتوں کے لئے ٹھوکر کا باعث بن گئی ہے۔“ رب الافواج فرماتا ہے، ”تم نے لاویوں کے ساتھ میرے عہد کو خاک میں ملا دیا ہے۔

9 اِس لئے مَیں نے تمہیں تمام قوم کے سامنے ذلیل کر دیا ہے، سب تمہیں حقیر جانتے ہیں۔ کیونکہ تم میری راہوں پر نہیں رہتے بلکہ تعلیم دیتے وقت جانب داری دکھاتے ہو۔“