ملاکی 2:6-12 UGV

6 وہ قابلِ اعتماد تعلیم دیتے تھے، اور اُن کی زبان پر جھوٹ نہیں ہوتا تھا۔ وہ سلامتی سے اور سیدھی راہ پر میرے ساتھ چلتے تھے، اور بہت سے لوگ اُن کے باعث گناہ سے دُور ہو گئے۔

7 اماموں کا فرض ہے کہ وہ صحیح تعلیم محفوظ رکھیں، اور لوگوں کو اُن سے ہدایت حاصل کرنی چاہئے۔ کیونکہ امام رب الافواج کا پیغمبر ہے۔

8 لیکن تم صحیح راہ سے ہٹ گئے ہو۔ تمہاری تعلیم بہتوں کے لئے ٹھوکر کا باعث بن گئی ہے۔“ رب الافواج فرماتا ہے، ”تم نے لاویوں کے ساتھ میرے عہد کو خاک میں ملا دیا ہے۔

9 اِس لئے مَیں نے تمہیں تمام قوم کے سامنے ذلیل کر دیا ہے، سب تمہیں حقیر جانتے ہیں۔ کیونکہ تم میری راہوں پر نہیں رہتے بلکہ تعلیم دیتے وقت جانب داری دکھاتے ہو۔“

10 کیا ہم سب کا ایک ہی باپ نہیں؟ ایک ہی خدا نے ہمیں خلق کیا ہے۔ تو پھر ہم ایک دوسرے سے بےوفائی کر کے اپنے باپ دادا کے عہد کی بےحرمتی کیوں کر رہے ہیں؟

11 یہوداہ بےوفا ہو گیا ہے۔ اسرائیل اور یروشلم میں مکروہ حرکتیں سرزد ہوئی ہیں، کیونکہ یہوداہ کے آدمیوں نے رب کے گھر کی بےحرمتی کی ہے، اُس مقدِس کی جو رب کو پیارا ہے۔ کس طرح؟ اُنہوں نے دیگر اقوام کی بُت پرست عورتوں سے شادی کی ہے۔

12 لیکن جس نے بھی ایسا کیا ہے اُسے رب جڑ سے یعقوب کے خیموں سے نکال پھینکے گا، خواہ وہ رب الافواج کو کتنی قربانیاں پیش کیوں نہ کرے۔