1 اے شہر جس پر حملہ ہو رہا ہے، اب اپنے آپ کو چھری سے زخمی کر، کیونکہ ہمارا محاصرہ ہو رہا ہے۔ دشمن لاٹھی سے اسرائیل کے حکمران کے گال پر مارے گا۔
2 لیکن تُو، اے بیت لحم اِفراتہ، جو یہوداہ کے دیگر خاندانوں کی نسبت چھوٹا ہے، تجھ میں سے وہ نکلے گا جو اسرائیل کا حکمران ہو گا اور جو قدیم زمانے بلکہ ازل سے صادر ہوا ہے۔
3 لیکن جب تک حاملہ عورت اُسے جنم نہ دے، اُس وقت تک رب اپنی قوم کو دشمن کے حوالے چھوڑے گا۔ لیکن پھر اُس کے بھائیوں کا بچا ہوا حصہ اسرائیلیوں کے پاس واپس آئے گا۔
4 یہ حکمران کھڑے ہو کر رب کی قوت کے ساتھ اپنے ریوڑ کی گلہ بانی کرے گا۔ اُسے رب اپنے خدا کے نام کا عظیم اختیار حاصل ہو گا۔ تب قوم سلامتی سے بسے گی، کیونکہ اُس کی عظمت دنیا کی انتہا تک پھیلے گی۔
5 وہی سلامتی کا منبع ہو گا۔ جب اسور کی فوج ہمارے ملک میں داخل ہو کر ہمارے محلوں میں گھس آئے تو ہم اُس کے خلاف سات چرواہے اور آٹھ رئیس کھڑے کریں گے
6 جو تلوار سے ملکِ اسور کی گلہ بانی کریں گے، ہاں تلوار کو میان سے کھینچ کر نمرود کے ملک پر حکومت کریں گے۔ یوں حکمران ہمیں اسور سے بچائے گا جب یہ ہمارے ملک اور ہماری سرحد میں گھس آئے گا۔
7 تب یعقوب کے جتنے لوگ بچ کر متعدد اقوام کے بیچ میں رہیں گے وہ رب کی بھیجی ہوئی اوس یا ہریالی پر پڑنے والی بارش کی مانند ہوں گے یعنی ایسی چیزوں کی مانند جو نہ کسی انسان کے انتظار میں رہتی، نہ کسی انسان کے حکم پر پڑتی ہیں۔