نحمیا 12:24-25-31 UGV

24-25 لاوی کے خاندانی سرپرست حسبیاہ، سربیاہ، یشوع، بِنّوئی اور قدمی ایل خدمت کے اُن گروہوں کی راہنمائی کرتے تھے جو رب کے گھر میں حمد و ثنا کے گیت گاتے تھے۔ اُن کے مقابل متنیاہ، بقبوقیاہ اور عبدیاہ اپنے گروہوں کے ساتھ کھڑے ہوتے تھے۔ گیت گاتے وقت کبھی یہ گروہ اور کبھی اُس کے مقابل کا گروہ گاتا تھا۔ سب کچھ اُس ترتیب سے ہوا جو مردِ خدا داؤد نے مقرر کی تھی۔مسُلّام، طلمون اور عقّوب دربان تھے جو رب کے گھر کے دروازوں کے ساتھ واقع گوداموں کی پہرا داری کرتے تھے۔

26 یہ آدمی امامِ اعظم یویقیم بن یشوع بن یوصدق، نحمیاہ گورنر اور شریعت کے عالِم عزرا امام کے زمانے میں اپنی خدمت سرانجام دیتے تھے۔

27 فصیل کی مخصوصیت کے لئے پورے ملک کے لاویوں کو یروشلم بُلایا گیا تاکہ وہ خوشی منانے میں مدد کر کے حمد و ثنا کے گیت گائیں اور جھانجھ، ستار اور سرود بجائیں۔

28 گلوکار یروشلم کے گرد و نواح سے، نطوفاتیوں کے دیہات،

29 بیت جِلجال اور جِبع اور عزماوت کے علاقے سے آئے۔ کیونکہ گلوکاروں نے اپنی اپنی آبادیاں یروشلم کے ارد گرد بنائی تھیں۔

30 پہلے اماموں اور لاویوں نے اپنے آپ کو جشن کے لئے پاک صاف کیا، پھر اُنہوں نے عام لوگوں، دروازوں اور فصیل کو بھی پاک صاف کر دیا۔

31 اِس کے بعد مَیں نے یہوداہ کے قبیلے کے بزرگوں کو فصیل پر چڑھنے دیا اور گلوکاروں کو شکرگزاری کے دو بڑے گروہوں میں تقسیم کیا۔ پہلا گروہ فصیل پر چلتے چلتے جنوب میں واقع کچرے کے دروازے کی طرف بڑھ گیا۔