حبقُّوق 1:5-11 URD

5 قَوموں پر نظر کرو اور دیکھو اور مُتعجِّب ہو کیونکہ مَیں تُمہارے ایّام میں ایک اَیسا کام کرنے کو ہُوں کہ اگر کوئی تُم سے اُس کا بیان کرے تو تُم ہرگِز باور نہ کرو گے۔

6 کیونکہ دیکھو مَیں کسدیوں کو چڑھا لاؤُں گا ۔ وہ تُرشرُو اور تُند مِزاج قَوم ہیں جو وُسعتِ زمِین سے ہو کر گُذرتے ہیں تاکہ اُن بستِیوں پر جو اُن کی نہیں ہیں قبضہ کر لیں۔

7 وہ ڈراؤنے اور ہَیبتناک ہیں ۔ وہ خُود ہی اپنی عدالت اور شان کا مصدر ہیں۔

8 اُن کے گھوڑے چِیتوں سے بھی تیز رفتار اور شام کو نِکلنے والے بھیڑیوں سے زیادہ خُونخوار ہیں اور اُن کے سوار کُودتے پھاندتے آتے ہیں ۔ ہاں وہ دُور سے چلے آتے ہیں ۔ وہ عُقاب کی مانِند ہیں جو اپنے شِکار پر جھپٹتا ہے۔

9 وہ سب غارتگری کو آتے ہیں ۔ وہ سِیدھے بڑھے چلے آتے ہیں اور اُن کے اسِیرریت کے ذرّوں کی مانِند بے شُمار ہوتے ہیں۔

10 وہ بادشاہوں کو ٹھٹّھوں میں اُڑاتے اور اُمرا کو مسخرہ بناتے ہیں ۔ وہ قلعوں کو حقِیر جانتے ہیں کیونکہ وہ مِٹّی سے دمدمے باندھ کر اُن کو فتح کر لیتے ہیں۔

11 تب وہ گِردباد کی طرح گُذرتے اور خطا کر کے گُنہگار ہوتے ہیں کیونکہ اُن کا زور ہی اُن کا خُدا ہے۔