2 دنیاوی چیزوں کو اپنے خیالوں کا مرکز نہ بنائیں بلکہ آسمانی چیزوں کو۔
3 کیونکہ آپ مر گئے ہیں اور اب آپ کی زندگی مسیح کے ساتھ اللہ میں پوشیدہ ہے۔
4 مسیح ہی آپ کی زندگی ہے۔ جب وہ ظاہر ہو جائے گا تو آپ بھی اُس کے ساتھ ظاہر ہو کر اُس کے جلال میں شریک ہو جائیں گے۔
5 چنانچہ اُن دنیاوی چیزوں کو مار ڈالیں جو آپ کے اندر کام کر رہی ہیں: زناکاری، ناپاکی، شہوت پرستی، بُری خواہشات اور لالچ (لالچ تو ایک قسم کی بُت پرستی ہے)۔
6 اللہ کا غضب ایسی ہی باتوں کی وجہ سے نازل ہو گا۔
7 ایک وقت تھا جب آپ بھی اِن کے مطابق زندگی گزارتے تھے، جب آپ کی زندگی اِن کے قابو میں تھی۔
8 لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ آپ یہ سب کچھ یعنی غصہ، طیش، بدسلوکی، بہتان اور گندی زبان خستہ حال کپڑے کی طرح اُتار کر پھینک دیں۔