استثنا 11:2-8 UGV

2 آج جان لو کہ تمہارے بچوں نے نہیں بلکہ تم ہی نے رب اپنے خدا سے تربیت پائی۔ تم نے اُس کی عظمت، بڑے اختیار اور قدرت کو دیکھا،

3 اور تم اُن معجزوں کے گواہ ہو جو اُس نے مصر کے بادشاہ فرعون اور اُس کے پورے ملک کے سامنے کئے۔

4 تم نے دیکھا کہ رب نے کس طرح مصری فوج کو اُس کے گھوڑوں اور رتھوں سمیت بحرِ قُلزم میں غرق کر دیا جب وہ تمہارا تعاقب کر رہے تھے۔ اُس نے اُنہیں یوں تباہ کیا کہ وہ آج تک بحال نہیں ہوئے۔

5 تمہارے بچے نہیں بلکہ تم ہی گواہ ہو کہ یہاں پہنچنے سے پہلے رب نے ریگستان میں تمہاری کس طرح دیکھ بھال کی۔

6 تم نے اُس کا اِلیاب کے بیٹوں داتن اور ابیرام کے ساتھ سلوک دیکھا جو روبن کے قبیلے کے تھے۔ اُس دن زمین نے خیمہ گاہ کے اندر منہ کھول کر اُنہیں اُن کے گھرانوں، ڈیروں اور تمام جانداروں سمیت ہڑپ کر لیا۔

7 تم نے اپنی ہی آنکھوں سے رب کے یہ تمام عظیم کام دیکھے ہیں۔

8 چنانچہ اُن تمام احکام پر عمل کرتے رہو جو مَیں آج تمہیں دے رہا ہوں تاکہ تمہیں وہ طاقت حاصل ہو جو درکار ہو گی جب تم دریائے یردن کو پار کر کے ملک پر قبضہ کرو گے۔