استثنا 12 UGV

ملک میں رب کے احکام

1 ذیل میں وہ احکام اور قوانین ہیں جن پر تمہیں دھیان سے عمل کرنا ہو گا جب تم اُس ملک میں آباد ہو گے جو رب تیرے باپ دادا کا خدا تجھے دے رہا ہے تاکہ تُو اُس پر قبضہ کرے۔ ملک میں رہتے ہوئے عمر بھر اُن کے تابع رہو۔

ملک میں ایک ہی جگہ پر مقدِس ہو

2 اُن تمام جگہوں کو برباد کرو جہاں وہ قومیں جنہیں تمہیں نکالنا ہے اپنے دیوتاؤں کی پوجا کرتی ہیں، خواہ وہ اونچے پہاڑوں، پہاڑیوں یا گھنے درختوں کے سائے میں کیوں نہ ہوں۔

3 اُن کی قربان گاہوں کو ڈھا دینا۔ جن پتھروں کی پوجا وہ کرتے ہیں اُنہیں چِکنا چُور کر دینا۔ یسیرت دیوی کے کھمبے جلا دینا۔ اُن کے دیوتاؤں کے مجسمے کاٹ ڈالنا۔ غرض اِن جگہوں سے اُن کا نام و نشان مٹ جائے۔

4 رب اپنے خدا کی پرستش کرنے کے لئے اُن کے طریقے نہ اپنانا۔

5 رب تمہارا خدا قبیلوں میں سے اپنے نام کی سکونت کے لئے ایک جگہ چن لے گا۔ عبادت کے لئے وہاں جایا کرو،

6 اور وہاں اپنی تمام قربانیاں لا کر پیش کرو، خواہ وہ بھسم ہونے والی قربانیاں، ذبح کی قربانیاں، پیداوار کا دسواں حصہ، اُٹھانے والی قربانیاں، مَنت کے ہدیئے، خوشی سے پیش کی گئی قربانیاں یا مویشیوں کے پہلوٹھے کیوں نہ ہوں۔

7 وہاں رب اپنے خدا کے حضور اپنے گھرانوں سمیت کھانا کھا کر اُن کامیابیوں کی خوشی مناؤ جو تجھے رب تیرے خدا کی برکت کے باعث حاصل ہوئی ہیں۔

8 اُس وقت تمہیں وہ نہیں کرنا جو ہم کرتے آئے ہیں۔ آج تک ہر کوئی اپنی مرضی کے مطابق عبادت کرتا ہے،

9 کیونکہ اب تک تم آرام کی اُس جگہ نہیں پہنچے جو تجھے رب تیرے خدا سے میراث میں ملنی ہے۔

10 لیکن جلد ہی تم دریائے یردن کو پار کر کے اُس ملک میں آباد ہو جاؤ گے جو رب تمہارا خدا تمہیں میراث میں دے رہا ہے۔ اُس وقت وہ تمہیں ارد گرد کے دشمنوں سے بچائے رکھے گا، اور تم آرام اور سکون سے زندگی گزار سکو گے۔

11 تب رب تمہارا خدا اپنے نام کی سکونت کے لئے ایک جگہ چن لے گا، اور تمہیں سب کچھ جو مَیں بتاؤں گا وہاں لا کر پیش کرنا ہے، خواہ وہ بھسم ہونے والی قربانیاں، ذبح کی قربانیاں، پیداوار کا دسواں حصہ، اُٹھانے والی قربانیاں یا مَنت کے خاص ہدیئے کیوں نہ ہوں۔

12 وہاں رب کے سامنے تم، تمہارے بیٹے بیٹیاں، تمہارے غلام اور لونڈیاں خوشی منائیں۔ اپنے شہروں میں آباد لاویوں کو بھی اپنی خوشی میں شریک کرو، کیونکہ اُن کے پاس موروثی زمین نہیں ہو گی۔

13 خبردار، اپنی بھسم ہونے والی قربانیاں ہر جگہ پر پیش نہ کرنا

14 بلکہ صرف اُس جگہ پر جو رب قبیلوں میں سے چنے گا۔ وہیں سب کچھ یوں منا جس طرح مَیں تجھے بتاتا ہوں۔

15 لیکن وہ جانور اِس میں شامل نہیں ہیں جو تُو قربانی کے طور پر پیش نہیں کرنا چاہتا بلکہ صرف کھانا چاہتا ہے۔ ایسے جانور تُو آزادی سے اپنے تمام شہروں میں ذبح کر کے اُس برکت کے مطابق کھا سکتا ہے جو رب تیرے خدا نے تجھے دی ہے۔ ایسا گوشت ہرن اور غزال کے گوشت کی مانند ہے یعنی پاک اور ناپاک دونوں ہی اُسے کھا سکتے ہیں۔

16 لیکن خون نہ کھانا۔ اُسے پانی کی طرح زمین پر اُنڈیل کر ضائع کر دینا۔

17 جو بھی چیزیں رب کے لئے مخصوص کی گئی ہیں اُنہیں اپنے شہروں میں نہ کھانا مثلاً اناج، انگور کے رس اور زیتون کے تیل کا دسواں حصہ، مویشیوں کے پہلوٹھے، مَنت کے ہدیئے، خوشی سے پیش کی گئی قربانیاں اور اُٹھانے والی قربانیاں۔

18 یہ چیزیں صرف رب کے حضور کھانا یعنی اُس جگہ پر جسے وہ مقدِس کے لئے چنے گا۔ وہیں تُو اپنے بیٹے بیٹیوں، غلاموں، لونڈیوں اور اپنے قبائلی علاقے کے لاویوں کے ساتھ جمع ہو کر خوشی منا کہ رب نے ہماری محنت کو برکت دی ہے۔

19 اپنے ملک میں لاویوں کی ضروریات عمر بھر پوری کرنے کی فکر رکھ۔

20 جب رب تیرا خدا اپنے وعدے کے مطابق تیری سرحدیں بڑھا دے گا اور تُو گوشت کھانے کی خواہش رکھے گا تو جس طرح جی چاہے گوشت کھا سکے گا۔

21 اگر تیرا گھر اُس مقدِس سے دُور ہو جسے رب تیرا خدا اپنے نام کی سکونت کے لئے چنے گا تو تُو جس طرح جی چاہے اپنے شہروں میں رب سے ملے ہوئے مویشیوں کو ذبح کر کے کھا سکتا ہے۔ لیکن ایسا ہی کرنا جیسا مَیں نے حکم دیاہے۔

22 ایسا گوشت ہرن اور غزال کے گوشت کی مانند ہے یعنی پاک اور ناپاک دونوں ہی اُسے کھا سکتے ہیں۔

23 البتہ گوشت کے ساتھ خون نہ کھانا، کیونکہ خون جاندار کی جان ہے۔ اُس کی جان گوشت کے ساتھ نہ کھانا۔

24 خون نہ کھانا بلکہ اُسے زمین پر اُنڈیل کر ضائع کر دینا۔

25 اُسے نہ کھانا تاکہ تجھے اور تیری اولاد کو کامیابی حاصل ہو، کیونکہ ایسا کرنے سے تُو رب کی نظر میں صحیح کام کرے گا۔

26 لیکن جو چیزیں رب کے لئے مخصوص و مُقدّس ہیں یا جو تُو نے مَنت مان کر اُس کے لئے مخصوص کی ہیں لازم ہے کہ تُو اُنہیں اُس جگہ لے جائے جسے رب مقدِس کے لئے چنے گا۔

27 وہیں، رب اپنے خدا کی قربان گاہ پر اپنی بھسم ہونے والی قربانیاں گوشت اور خون سمیت چڑھا۔ ذبح کی قربانیوں کا خون قربان گاہ پر اُنڈیل دینا، لیکن اُن کا گوشت تُو کھا سکتا ہے۔

28 جو بھی ہدایات مَیں تجھے دے رہا ہوں اُنہیں احتیاط سے پورا کر۔ پھر تُو اور تیری اولاد خوش حال رہیں گے، کیونکہ تُو وہ کچھ کرے گا جو رب تیرے خدا کی نظر میں اچھا اور درست ہے۔

29 رب تیرا خدا اُن قوموں کو مٹا دے گا جن کی طرف تُو بڑھ رہا ہے۔ تُو اُنہیں اُن کے ملک سے نکالتا جائے گا اور خود اُس میں آباد ہو جائے گا۔

30 لیکن خبردار، اُن کے ختم ہونے کے بعد بھی اُن کے دیوتاؤں کے بارے میں معلومات حاصل نہ کر، ورنہ تُو پھنس جائے گا۔ مت کہنا کہ یہ قومیں کس طریقے سے اپنے دیوتاؤں کی پوجا کرتی ہیں؟ ہم بھی ایسا ہی کریں۔

31 ایسا مت کر! یہ قومیں ایسے گھنونے طریقے سے پوجا کرتی ہیں جن سے رب نفرت کرتا ہے۔ وہ اپنے بچوں کو بھی جلا کر اپنے دیوتاؤں کو پیش کرتے ہیں۔

32 کلام کی جو بھی بات مَیں تمہیں پیش کرتا ہوں اُس کے تابع رہ کر اُس پر عمل کرو۔ نہ کسی بات کا اضافہ کرنا، نہ کوئی بات نکالنا۔

ابواب

1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17 18 19 20 21 22 23 24 25 26 27 28 29 30 31 32 33 34