استثنا 11:8-14 UGV

8 چنانچہ اُن تمام احکام پر عمل کرتے رہو جو مَیں آج تمہیں دے رہا ہوں تاکہ تمہیں وہ طاقت حاصل ہو جو درکار ہو گی جب تم دریائے یردن کو پار کر کے ملک پر قبضہ کرو گے۔

9 اگر تم فرماں بردار رہو تو دیر تک اُس ملک میں جیتے رہو گے جس کا وعدہ رب نے قَسم کھا کر تمہارے باپ دادا سے کیا تھا اور جس میں دودھ اور شہد کی کثرت ہے۔

10 کیونکہ یہ ملک مصر کی مانند نہیں ہے جہاں سے تم نکل آئے ہو۔ وہاں کے کھیتوں میں تجھے بیج بو کر بڑی محنت سے اُس کی آب پاشی کرنی پڑتی تھی

11 جبکہ جس ملک پر تم قبضہ کرو گے اُس میں پہاڑ اور وادیاں ہیں جنہیں صرف بارش کا پانی سیراب کرتا ہے۔

12 رب تیرا خدا خود اُس ملک کا خیال رکھتا ہے۔ رب تیرے خدا کی آنکھیں سال کے پہلے دن سے لے کر آخر تک متواتر اُس پر لگی رہتی ہیں۔

13 چنانچہ اُن احکام کے تابع رہو جو مَیں آج تمہیں دے رہا ہوں۔ رب اپنے خدا سے پیار کرو اور اپنے پورے دل و جان سے اُس کی خدمت کرو۔

14 پھر وہ خریف اور بہار کی سالانہ بارش وقت پر بھیجے گا۔ اناج، انگور اور زیتون کی فصلیں پکیں گی، اور تُو اُنہیں جمع کر لے گا۔