1 ذیل میں وہ احکام اور قوانین ہیں جن پر تمہیں دھیان سے عمل کرنا ہو گا جب تم اُس ملک میں آباد ہو گے جو رب تیرے باپ دادا کا خدا تجھے دے رہا ہے تاکہ تُو اُس پر قبضہ کرے۔ ملک میں رہتے ہوئے عمر بھر اُن کے تابع رہو۔
2 اُن تمام جگہوں کو برباد کرو جہاں وہ قومیں جنہیں تمہیں نکالنا ہے اپنے دیوتاؤں کی پوجا کرتی ہیں، خواہ وہ اونچے پہاڑوں، پہاڑیوں یا گھنے درختوں کے سائے میں کیوں نہ ہوں۔
3 اُن کی قربان گاہوں کو ڈھا دینا۔ جن پتھروں کی پوجا وہ کرتے ہیں اُنہیں چِکنا چُور کر دینا۔ یسیرت دیوی کے کھمبے جلا دینا۔ اُن کے دیوتاؤں کے مجسمے کاٹ ڈالنا۔ غرض اِن جگہوں سے اُن کا نام و نشان مٹ جائے۔
4 رب اپنے خدا کی پرستش کرنے کے لئے اُن کے طریقے نہ اپنانا۔
5 رب تمہارا خدا قبیلوں میں سے اپنے نام کی سکونت کے لئے ایک جگہ چن لے گا۔ عبادت کے لئے وہاں جایا کرو،
6 اور وہاں اپنی تمام قربانیاں لا کر پیش کرو، خواہ وہ بھسم ہونے والی قربانیاں، ذبح کی قربانیاں، پیداوار کا دسواں حصہ، اُٹھانے والی قربانیاں، مَنت کے ہدیئے، خوشی سے پیش کی گئی قربانیاں یا مویشیوں کے پہلوٹھے کیوں نہ ہوں۔