استثنا 26:2-8 UGV

2 تو جو بھی فصل تُو کاٹے گا اُس کے پہلے پھل میں سے کچھ ٹوکرے میں رکھ کر اُس جگہ لے جا جو رب تیرا خدا اپنے نام کی سکونت کے لئے چنے گا۔

3 وہاں خدمت کرنے والے امام سے کہہ، ”آج مَیں رب اپنے خدا کے حضور اعلان کرتا ہوں کہ اُس ملک میں پہنچ گیا ہوں جس کا ہمیں دینے کا وعدہ رب نے قَسم کھا کر ہمارے باپ دادا سے کیا تھا۔“

4 تب امام تیرا ٹوکرا لے کر اُسے رب تیرے خدا کی قربان گاہ کے سامنے رکھ دے۔

5 پھر رب اپنے خدا کے حضور کہہ، ”میرا باپ آوارہ پھرنے والا اَرامی تھا جو اپنے لوگوں کو لے کر مصر میں آباد ہوا۔ وہاں پہنچتے وقت اُن کی تعداد کم تھی، لیکن ہوتے ہوتے وہ بڑی اور طاقت ور قوم بن گئے۔

6 لیکن مصریوں نے ہمارے ساتھ بُرا سلوک کیا اور ہمیں دبا کر سخت غلامی میں پھنسا دیا۔

7 پھر ہم نے چلّا کر رب اپنے باپ دادا کے خدا سے فریاد کی، اور رب نے ہماری سنی۔ اُس نے ہمارا دُکھ، ہماری مصیبت اور دبی ہوئی حالت دیکھی

8 اور بڑے اختیار اور قدرت کا اظہار کر کے ہمیں مصر سے نکال لایا۔ اُس وقت اُس نے مصریوں میں دہشت پھیلا کر بڑے معجزے دکھائے۔