استثنا 33:17-23 UGV

17 یوسف سانڈ کے پہلوٹھے جیسا عظیم ہے، اور اُس کے سینگ جنگلی بَیل کے سینگ ہیں جن سے وہ دنیا کی انتہا تک سب قوموں کو مارے گا۔ افرائیم کے بےشمار افراد ایسے ہی ہیں، منسّی کے ہزاروں افراد ایسے ہی ہیں۔

18 زبولون اور اِشکار کی برکت:اے زبولون، گھر سے نکلتے وقت خوشی منا۔ اے اِشکار، اپنے خیموں میں رہتے ہوئے خوش ہو۔

19 وہ دیگر قوموں کو اپنے پہاڑ پر آنے کی دعوت دیں گے اور وہاں راستی کی قربانیاں پیش کریں گے۔ وہ سمندر کی کثرت اور سمندر کی ریت میں چھپے ہوئے خزانوں کو جذب کر لیں گے۔

20 جد کی برکت:مبارک ہے وہ جو جد کا علاقہ وسیع کر دے۔ جد شیرببر کی طرح دبک کر کسی کا بازو یا سر پھاڑ ڈالنے کے لئے تیار رہتا ہے۔

21 اُس نے اپنے لئے سب سے اچھی زمین چن لی، راہنما کا حصہ اُسی کے لئے محفوظ رکھا گیا۔ جب قوم کے راہنما جمع ہوئے تو اُس نے رب کی راست مرضی پوری کی اور اسرائیل کے بارے میں اُس کے فیصلے عمل میں لایا۔

22 دان کی برکت:دان شیرببر کا بچہ ہے جو بسن سے نکل کر چھلانگ لگاتا ہے۔

23 نفتالی کی برکت:نفتالی رب کی منظوری سے سیر ہے، اُسے اُس کی پوری برکت حاصل ہے۔ وہ گلیل کی جھیل اور اُس کے جنوب کا علاقہ میراث میں پائے گا۔