استثنا 6:10-16 UGV

10 رب تیرے خدا کا وعدہ پورا ہو گا جو اُس نے قَسم کھا کر تیرے باپ دادا ابراہیم، اسحاق اور یعقوب کے ساتھ کیا کہ مَیں تجھے کنعان میں لے جاؤں گا۔ جو بڑے اور شاندار شہر اُس میں ہیں وہ تُو نے خود نہیں بنائے۔

11 جو مکان اُس میں ہیں وہ ایسی اچھی چیزوں سے بھرے ہوئے ہیں جو تُو نے اُن میں نہیں رکھیں۔ جو کنوئیں اُس میں ہیں اُن کو تُو نے نہیں کھودا۔ جو انگور اور زیتون کے باغ اُس میں ہیں اُنہیں تُو نے نہیں لگایا۔ یہ حقیقت یاد رکھ۔ جب تُو اُس ملک میں کثرت کا کھانا کھا کر سیر ہو جائے گا

12 تو خبردار! رب کو نہ بھولنا جو تجھے مصر کی غلامی سے نکال لایا۔

13 رب اپنے خدا کا خوف ماننا۔ صرف اُسی کی عبادت کرنا اور اُسی کا نام لے کر قَسم کھانا۔

14 دیگر معبودوں کی پیروی نہ کرنا۔ اِس میں تمام پڑوسی اقوام کے دیوتا بھی شامل ہیں۔

15 ورنہ رب تیرے خدا کا غضب تجھ پر نازل ہو کر تجھے ملک میں سے مٹا ڈالے گا۔ کیونکہ وہ غیور خدا ہے اور تیرے درمیان ہی رہتا ہے۔

16 رب اپنے خدا کو اُس طرح نہ آزمانا جس طرح تم نے مسّہ میں کیا تھا۔