استثنا 7:10-16 UGV

10 لیکن اُس سے نفرت کرنے والوں کو وہ اُن کے رُوبرُو مناسب سزا دے کر برباد کرے گا۔ ہاں، جو اُس سے نفرت کرتے ہیں، اُن کے رُوبرُو وہ مناسب سزا دے گا اور جھجکے گا نہیں۔

11 چنانچہ دھیان سے اُن تمام احکام پر عمل کر جو مَیں آج تجھے دے رہا ہوں تاکہ تُو اُن کے مطابق زندگی گزارے۔

12 اگر تُو اُن پر توجہ دے اور احتیاط سے اُن پر چلے تو پھر رب تیرا خدا تیرے ساتھ اپنا عہد قائم رکھے گا اور تجھ پر مہربانی کرے گا، بالکل اُس وعدے کے مطابق جو اُس نے قَسم کھا کر تیرے باپ دادا سے کیا تھا۔

13 وہ تجھے پیار کرے گا اور تجھے اُس ملک میں برکت دے گا جو تجھے دینے کا وعدہ اُس نے قَسم کھا کر تیرے باپ دادا سے کیا تھا۔ تجھے بہت اولاد بخشنے کے علاوہ وہ تیرے کھیتوں کو برکت دے گا، اور تجھے کثرت کا اناج، انگور اور زیتون حاصل ہو گا۔ وہ تیرے ریوڑوں کو بھی برکت دے گا، اور تیرے گائےبَیلوں اور بھیڑبکریوں کی تعداد بڑھتی جائے گی۔

14 تجھے دیگر تمام قوموں کی نسبت کہیں زیادہ برکت ملے گی۔ نہ تجھ میں اور نہ تیرے مویشیوں میں بانجھ پن پایا جائے گا۔

15 رب ہر بیماری کو تجھ سے دُور رکھے گا۔ وہ تجھ میں وہ خطرناک وبائیں پھیلنے نہیں دے گا جن سے تُو مصر میں واقف ہوا بلکہ اُنہیں اُن میں پھیلائے گا جو تجھ سے نفرت رکھتے ہیں۔

16 جو بھی قومیں رب تیرا خدا تیرے ہاتھ میں کر دے گا اُنہیں تباہ کرنا لازم ہے۔ اُن پر رحم کی نگاہ سے نہ دیکھنا، نہ اُن کے دیوتاؤں کی خدمت کرنا، ورنہ تُو پھنس جائے گا۔