ملاکی 3:1-7 UGV

1 رب الافواج جواب میں فرماتا ہے، ”دیکھ، مَیں اپنے پیغمبر کو بھیج دیتا ہوں جو میرے آگے آگے چل کر میرا راستہ تیار کرے گا۔ تب جس رب کو تم تلاش کر رہے ہو وہ اچانک اپنے گھر میں آ موجود ہو گا۔ ہاں، عہد کا پیغمبر جس کی تم شدت سے آرزو کرتے ہو وہ آنے والا ہے!“

2 لیکن جب وہ آئے تو کون یہ برداشت کر سکے گا؟ کون قائم رہ سکے گا جب وہ ہم پر ظاہر ہو جائے گا؟ وہ تو دھات ڈھالنے والے کی آگ یا دھوبی کے تیز صابن کی مانند ہو گا۔

3 وہ بیٹھ کر چاندی کو پگھلا کر پاک صاف کرے گا۔ جس طرح سونے چاندی کو پگھلا کر پاک صاف کیا جاتا ہے اُسی طرح وہ لاوی کے قبیلے کو پاک صاف کرے گا۔ تب وہ رب کو راست قربانیاں پیش کریں گے۔

4 پھر یہوداہ اور یروشلم کی قربانیاں قدیم زمانے کی طرح دوبارہ رب کو قبول ہوں گی۔

5 رب الافواج فرماتا ہے، ”مَیں تمہاری عدالت کرنے کے لئے تمہارے پاس آؤں گا۔ جلد ہی مَیں اُن کے خلاف گواہی دوں گا جو میرا خوف نہیں مانتے، جو جادوگر اور زناکار ہیں، جو جھوٹی قَسم کھاتے، مزدوروں کا حق مارتے، بیواؤں اور یتیموں پر ظلم کرتے اور اجنبیوں کا حق مارتے ہیں۔

6 مَیں، رب تبدیل نہیں ہوتا، لیکن تم اب تک یعقوب کی اولاد رہے ہو۔

7 اپنے باپ دادا کے زمانے سے لے کر آج تک تم نے میرے احکام سے دُور رہ کر اُن پر دھیان نہیں دیا۔ رب الافواج فرماتا ہے کہ میرے پاس واپس آؤ! تب مَیں بھی تمہارے پاس واپس آؤں گا۔لیکن تم اعتراض کرتے ہو، ’ہم کیوں واپس آئیں، ہم سے کیا سرزد ہوا ہے؟‘