ناحوم 1:4-10 UGV

4 وہ سمندر کو ڈانٹتا تو وہ سوکھ جاتا، اُس کے حکم پر تمام دریا خشک ہو جاتے ہیں۔ تب بسن اور کرمل کی شاداب ہریالی مُرجھا جاتی اور لبنان کے پھول کملا جاتے ہیں۔

5 اُس کے سامنے پہاڑ لرز اُٹھتے، پہاڑیاں پگھل جاتی ہیں۔ اُس کے حضور پوری زمین اپنے باشندوں سمیت لرز اُٹھتی ہے۔

6 کون اُس کی ناراضی اور اُس کے شدید قہر کا سامنا کر سکتا ہے؟ اُس کا غضب آگ کی طرح بھڑک کر زمین پر نازل ہوتا ہے، اُس کے آنے پر پتھر پھٹ کر ٹکڑے ٹکڑے ہو جاتے ہیں۔

7 رب مہربان ہے۔ مصیبت کے دن وہ مضبوط قلعہ ہے، اور جو اُس میں پناہ لیتے ہیں اُنہیں وہ جانتا ہے۔

8 لیکن اپنے دشمنوں پر وہ سیلاب لائے گا جو اُن کے مقام کو غرق کرے گا۔ جہاں بھی دشمن بھاگ جائے وہاں اُس پر تاریکی چھا جانے دے گا۔

9 رب کے خلاف منصوبہ باندھنے کا کیا فائدہ؟ وہ تو تمہیں ایک دم تباہ کر دے گا، دوسری بار تم پر آفت لانے کی ضرورت ہی نہیں ہو گی۔

10 کیونکہ گو دشمن گھنی اور خاردار جھاڑیوں اور نشے میں دُھت شرابی کی مانند ہیں، لیکن وہ جلد ہی خشک بھوسے کی طرح بھسم ہو جائیں گے۔