گنتی 6:11-17 UGV

11 امام اِن میں سے ایک کو گناہ کی قربانی کے طور پر چڑھائے اور دوسرے کو بھسم ہونے والی قربانی کے طور پر۔ یوں وہ اُس کے لئے کفارہ دے گا جو لاش کے قریب ہونے سے ناپاک ہو گیا ہے۔ اُسی دن وہ اپنے سر کو دوبارہ مخصوص کرے

12 اور اپنے آپ کو مقررہ وقت کے لئے دوبارہ رب کے لئے مخصوص کرے۔ وہ قصور کی قربانی کے طور پر ایک سال کا بھیڑ کا بچہ پیش کرے۔ جتنے دن اُس نے پہلے مخصوصیت کی حالت میں گزارے ہیں وہ شمار نہیں کئے جا سکتے کیونکہ وہ مخصوصیت کی حالت میں ناپاک ہو گیا تھا۔ وہ دوبارہ پہلے دن سے شروع کرے۔

13 شریعت کے مطابق جب مخصوص شخص کا مقررہ وقت گزر گیا ہو تو پہلے اُسے ملاقات کے خیمے کے دروازے پر لایا جائے۔

14 وہاں وہ رب کو بھسم ہونے والی قربانی کے لئے بھیڑ کا ایک بےعیب یک سالہ نر بچہ، گناہ کی قربانی کے لئے ایک بےعیب یک سالہ بھیڑ اور سلامتی کی قربانی کے لئے ایک بےعیب مینڈھا پیش کرے۔

15 اِس کے علاوہ وہ ایک ٹوکری میں بےخمیری روٹیاں جن میں بہترین میدہ اور تیل ملایا گیا ہو اور بےخمیری روٹیاں جن پر تیل لگایا گیا ہو متعلقہ غلہ کی نذر اور مَے کی نذر کے ساتھ

16 رب کو پیش کرے۔ پہلے امام گناہ کی قربانی اور بھسم ہونے والی قربانی رب کے حضور چڑھائے۔

17 پھر وہ مینڈھے کو بےخمیری روٹیوں کے ساتھ سلامتی کی قربانی کے طور پر پیش کرے۔ امام غلہ کی نذر اور مَے کی نذر بھی چڑھائے۔