1 یہ ہارون اور موسیٰ کے خاندان کا بیان ہے۔ اُس وقت کا ذکر ہے جب رب نے سینا پہاڑ پر موسیٰ سے بات کی۔
2 ہارون کے چار بیٹے تھے۔ بڑا بیٹا ندب تھا، پھر ابیہو، اِلی عزر اور اِتمر۔
3 یہ امام تھے جن کو مسح کر کے اِس خدمت کا اختیار دیا گیا تھا۔
4 لیکن ندب اور ابیہو اُس وقت مر گئے جب اُنہوں نے دشتِ سینا میں رب کے حضور ناجائز آگ پیش کی۔ چونکہ وہ بےاولاد تھے اِس لئے ہارون کے جیتے جی صرف اِلی عزر اور اِتمر امام کی خدمت سرانجام دیتے تھے۔
5 رب نے موسیٰ سے کہا،
6 ”لاوی کے قبیلے کو لا کر ہارون کی خدمت کرنے کی ذمہ داری دے۔
7 اُنہیں اُس کے لئے اور پوری جماعت کے لئے ملاقات کے خیمے کی خدمات سنبھالنا ہے۔
8 وہ ملاقات کے خیمے کا سامان سنبھالیں اور تمام اسرائیلیوں کے لئے مقدِس کے فرائض ادا کریں۔
9 تمام اسرائیلیوں میں سے صرف لاویوں کو ہارون اور اُس کے بیٹوں کی خدمت کے لئے مقرر کر۔
10 لیکن صرف ہارون اور اُس کے بیٹوں کو امام کی حیثیت حاصل ہے۔ جو بھی باقیوں میں سے اُن کی ذمہ داریاں اُٹھانے کی کوشش کرے گا اُسے سزائے موت دی جائے گی۔“
11 رب نے موسیٰ سے یہ بھی کہا،
12 ”مَیں نے اسرائیلیوں میں سے لاویوں کو چن لیا ہے۔ وہ تمام اسرائیلی پہلوٹھوں کے عوض میرے لئے مخصوص ہیں،
13 کیونکہ تمام پہلوٹھے میرے ہی ہیں۔ جس دن مَیں نے مصر میں تمام پہلوٹھوں کو مار دیا اُس دن مَیں نے اسرائیل کے پہلوٹھوں کو اپنے لئے مخصوص کیا، خواہ وہ انسان کے تھے یا حیوان کے۔ وہ میرے ہی ہیں۔ مَیں رب ہوں۔“
14 رب نے سینا کے ریگستان میں موسیٰ سے کہا،
15 ”لاویوں کو گن کر اُن کے آبائی گھرانوں اور کنبوں کے مطابق رجسٹر میں درج کرنا۔ ہر بیٹے کو گننا ہے جو ایک ماہ یا اِس سے زائد کا ہے۔“
16 موسیٰ نے ایسا ہی کیا۔
17 لاوی کے تین بیٹے جَیرسون، قِہات اور مِراری تھے۔
18 جَیرسون کے دو کنبے اُس کے بیٹوں لِبنی اور سِمعی کے نام رکھتے تھے۔
19 قِہات کے چار کنبے اُس کے بیٹوں عمرام، اِضہار، حبرون اور عُزی ایل کے نام رکھتے تھے۔
20 مِراری کے دو کنبے اُس کے بیٹوں محلی اور مُوشی کے نام رکھتے تھے۔ غرض لاوی کے قبیلے کے کنبے اُس کے پوتوں کے نام رکھتے تھے۔
21 جَیرسون کے دو کنبوں بنام لِبنی اور سِمعی
22 کے 7,500 مرد تھے جو ایک ماہ یا اِس سے زائد کے تھے۔
23 اُنہیں اپنے خیمے مغرب میں مقدِس کے پیچھے لگانے تھے۔
24 اُن کا راہنما اِلیاسف بن لائیل تھا،
25 اور وہ خیمے کو سنبھالتے تھے یعنی اُس کی پوششیں، خیمے کے دروازے کا پردہ،
26 خیمے اور قربان گاہ کی چاردیواری کے پردے، چاردیواری کے دروازے کا پردہ اور تمام رسّے۔ اِن چیزوں سے متعلق ساری خدمت اُن کی ذمہ داری تھی۔
27 قِہات کے چار کنبوں بنام عمرام، اِضہار، حبرون اور عُزی ایل
28 کے 8,600 مرد تھے جو ایک ماہ یا اِس سے زائد کے تھے اور جن کو مقدِس کی خدمت کرنی تھی۔
29 اُنہیں اپنے ڈیرے مقدِس کے جنوب میں ڈالنے تھے۔
30 اُن کا راہنما اِلی صفن بن عُزی ایل تھا،
31 اور وہ یہ چیزیں سنبھالتے تھے: عہد کا صندوق، میز، شمع دان، قربان گاہیں، وہ برتن اور ساز و سامان جو مقدِس میں استعمال ہوتا تھا اور مُقدّس ترین کمرے کا پردہ۔ اِن چیزوں سے متعلق ساری خدمت اُن کی ذمہ داری تھی۔
32 ہارون امام کا بیٹا اِلی عزر لاویوں کے تمام راہنماؤں پر مقرر تھا۔ وہ اُن تمام لوگوں کا انچارج تھا جو مقدِس کی دیکھ بھال کرتے تھے۔
33 مِراری کے دو کنبوں بنام محلی اور مُوشی
34 کے 6,200 مرد تھے جو ایک ماہ یا اِس سے زائد کے تھے۔
35 اُن کا راہنما صوری ایل بن ابی خیل تھا۔ اُنہیں اپنے ڈیرے مقدِس کے شمال میں ڈالنے تھے،
36 اور وہ یہ چیزیں سنبھالتے تھے: خیمے کے تختے، اُس کے شہتیر، کھمبے، پائے اور اِس طرح کا سارا سامان۔ اِن چیزوں سے متعلق ساری خدمت اُن کی ذمہ داری تھی۔
37 وہ چاردیواری کے کھمبے، پائے، میخیں اور رسّے بھی سنبھالتے تھے۔
38 موسیٰ، ہارون اور اُن کے بیٹوں کو اپنے ڈیرے مشرق میں مقدِس کے سامنے ڈالنے تھے۔ اُن کی ذمہ داری مقدِس میں بنی اسرائیل کے لئے خدمت کرنا تھی۔ اُن کے علاوہ جو بھی مقدِس میں داخل ہونے کی کوشش کرتا اُسے سزائے موت دینی تھی۔
39 اُن لاوی مردوں کی کُل تعداد جو ایک ماہ یا اِس سے زائد کے تھے 22,000 تھی۔ رب کے کہنے پر موسیٰ اور ہارون نے اُنہیں کنبوں کے مطابق گن کر رجسٹر میں درج کیا۔
40 رب نے موسیٰ سے کہا، ”تمام اسرائیلی پہلوٹھوں کو گننا جو ایک ماہ یا اِس سے زائد کے ہیں اور اُن کے نام رجسٹر میں درج کرنا۔
41 اُن تمام پہلوٹھوں کی جگہ لاویوں کو میرے لئے مخصوص کرنا۔ اِسی طرح اسرائیلیوں کے مویشیوں کے پہلوٹھوں کی جگہ لاویوں کے مویشی میرے لئے مخصوص کرنا۔ مَیں رب ہوں۔“
42 موسیٰ نے ایسا ہی کیا جیسا رب نے اُسے حکم دیا۔ اُس نے تمام اسرائیلی پہلوٹھے
43 جو ایک ماہ یا اِس سے زائد کے تھے گن لئے۔ اُن کی کُل تعداد 22,273 تھی۔
44 رب نے موسیٰ سے کہا،
45 ”مجھے تمام اسرائیلی پہلوٹھوں کی جگہ لاویوں کو پیش کرنا۔ اِسی طرح مجھے اسرائیلیوں کے مویشیوں کی جگہ لاویوں کے مویشی پیش کرنا۔ لاوی میرے ہی ہیں۔ مَیں رب ہوں۔
46 لاویوں کی نسبت باقی اسرائیلیوں کے 273 پہلوٹھے زیادہ ہیں۔ اُن میں سے
47 ہر ایک کے عوض چاندی کے پانچ سِکے لے جو مقدِس کے وزن کے مطابق ہوں (فی سِکہ تقریباً 11 گرام)۔
48 یہ پیسے ہارون اور اُس کے بیٹوں کو دینا۔“
49 موسیٰ نے ایسا ہی کیا۔
50 یوں اُس نے چاندی کے 1,365 سِکے (تقریباً 16 کلو گرام) جمع کر کے
51 ہارون اور اُس کے بیٹوں کو دیئے، جس طرح رب نے اُسے حکم دیا تھا۔