1 قرعہ ڈالنے سے یوسف کی اولاد کا علاقہ مقرر کیا گیا۔ اُس کی سرحد یریحو کے قریب دریائے یردن سے شروع ہوئی، شہر کے مشرق میں چشموں کے پاس سے گزری اور ریگستان میں سے چلتی چلتی بیت ایل کے پہاڑی علاقے تک پہنچی۔
2 لُوز یعنی بیت ایل سے آگے نکل کر وہ ارکیوں کے علاقے میں عطارات پہنچی۔
3 وہاں سے وہ مغرب کی طرف اُترتی اُترتی یفلیطیوں کے علاقے میں داخل ہوئی جہاں وہ نشیبی بیت حَورون میں سے گزر کر جزر کے پیچھے سمندر پر ختم ہوئی۔
4 یہ اُس علاقے کی جنوبی سرحد تھی جو یوسف کی اولاد افرائیم اور منسّی کے قبیلوں کو وراثت میں دیا گیا۔