یشوع 17:12-18 UGV

12 لیکن منسّی کا قبیلہ وہاں کے کنعانیوں کو نکال نہ سکا بلکہ وہ وہاں بستے رہے۔

13 بعد میں بھی جب اسرائیل کی طاقت بڑھ گئی تو کنعانیوں کو نکالا نہ گیا بلکہ اُنہیں بیگار میں کام کرنا پڑا۔

14 یوسف کے قبیلے افرائیم اور منسّی دریائے یردن کے مغرب میں زمین پانے کے بعد یشوع کے پاس آئے اور کہنے لگے، ”آپ نے ہمارے لئے قرعہ ڈال کر زمین کا صرف ایک حصہ کیوں مقرر کیا؟ ہم تو بہت زیادہ لوگ ہیں، کیونکہ رب نے ہمیں برکت دے کر بڑی قوم بنایا ہے۔“

15 یشوع نے جواب دیا، ”اگر آپ اِتنے زیادہ ہیں اور آپ کے لئے افرائیم کا پہاڑی علاقہ کافی نہیں ہے تو پھر فرِزّیوں اور رفائیوں کے پہاڑی جنگلوں میں جائیں اور اُنہیں کاٹ کر کاشت کے قابل بنا لیں۔“

16 یوسف کے قبیلوں نے کہا، ”پہاڑی علاقہ ہمارے لئے کافی نہیں ہے، اور میدانی علاقے میں آباد کنعانیوں کے پاس لوہے کے رتھ ہیں، اُن کے پاس بھی جو وادیٔ یزرعیل میں ہیں اور اُن کے پاس بھی جو بیت شان اور اُس کے گرد و نواح کی آبادیوں میں رہتے ہیں۔“

17 لیکن یشوع نے جواب میں کہا، ”آپ اِتنی بڑی اور طاقت ور قوم ہیں کہ آپ کا علاقہ ایک ہی حصے پر محدود نہیں رہے گا

18 بلکہ جنگل کا پہاڑی علاقہ بھی آپ کی ملکیت میں آئے گا۔ اُس کے جنگلوں کو کاٹ کر کاشت کے قابل بنا لیں تو یہ تمام علاقہ آپ ہی کا ہو گا۔ آپ باقی علاقے پر بھی قبضہ کر کے کنعانیوں کو نکال دیں گے اگرچہ وہ طاقت ور ہیں اور اُن کے پاس لوہے کے رتھ ہیں۔“