۱۔تواریخ 9:17-23 UGV

17 ذیل کے دربان بھی واپس آئے: سلّوم، عقّوب، طلمون، اخی مان اور اُن کے بھائی۔ سلّوم اُن کا انچارج تھا۔

18 آج تک اُس کا خاندان رب کے گھر کے مشرق میں شاہی دروازے کی پہرا داری کرتا ہے۔ یہ دربان لاویوں کے خیموں کے افراد تھے۔

19 سلّوم بن قورے بن ابی آسف بن قورح اپنے بھائیوں کے ساتھ قورح کے خاندان کا تھا۔ جس طرح اُن کے باپ دادا کی ذمہ داری رب کی خیمہ گاہ میں ملاقات کے خیمے کے دروازے کی پہرا داری کرنی تھی اِسی طرح اُن کی ذمہ داری مقدِس کے دروازے کی پہرا داری کرنی تھی۔

20 قدیم زمانے میں فینحاس بن اِلی عزر اُن پر مقرر تھا، اور رب اُس کے ساتھ تھا۔

21 بعد میں زکریاہ بن مسلمیاہ ملاقات کے خیمے کے دروازے کا دربان تھا۔

22 کُل 212 مردوں کو دربان کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ اُن کے نام اُن کی مقامی جگہوں کے نسب ناموں میں درج تھے۔ داؤد اور سموایل غیب بین نے اُن کے باپ دادا کو یہ ذمہ داری دی تھی۔

23 وہ اور اُن کی اولاد پہلے رب کے گھر یعنی ملاقات کے خیمے کے دروازوں پر پہرا داری کرتے تھے۔