مکاشف 7:9-15 UGV

9 اِس کے بعد مَیں نے ایک ہجوم دیکھا جو اِتنا بڑا تھا کہ اُسے گنا نہیں جا سکتا تھا۔ اُس میں ہر ملت، ہر قبیلے، ہر قوم اور ہر زبان کے افراد سفید لباس پہنے ہوئے تخت اور لیلے کے سامنے کھڑے تھے۔ اُن کے ہاتھوں میں کھجور کی ڈالیاں تھیں۔

10 اور وہ اونچی آواز سے چلّا چلّا کر کہہ رہے تھے، ”نجات تخت پر بیٹھے ہوئے ہمارے خدا اور لیلے کی طرف سے ہے۔“

11 تمام فرشتے تخت، بزرگوں اور چار جانداروں کے ارد گرد کھڑے تھے۔ اُنہوں نے تخت کے سامنے گر کر اللہ کو سجدہ کیا

12 اور کہا، ”آمین! ہمارے خدا کی ازل سے ابد تک ستائش، جلال، حکمت، شکرگزاری، عزت، قدرت اور طاقت حاصل رہے۔ آمین!“

13 بزرگوں میں سے ایک نے مجھ سے پوچھا، ”سفید لباس پہنے ہوئے یہ لوگ کون ہیں اور کہاں سے آئے ہیں؟“

14 مَیں نے جواب دیا، ”میرے آقا، آپ ہی جانتے ہیں۔“اُس نے کہا، ”یہ وہی ہیں جو بڑی ایذا رسانی سے نکل کر آئے ہیں۔ اُنہوں نے اپنے لباس لیلے کے خون میں دھو کر سفید کر لئے ہیں۔

15 اِس لئے وہ اللہ کے تخت کے سامنے کھڑے ہیں اور دن رات اُس کے گھر میں اُس کی خدمت کرتے ہیں۔ اور تخت پر بیٹھا ہوا اُن کو پناہ دے گا۔