1 پِھر آسمان پر ایک بڑا نِشان دِکھائی دِیا یعنی ایک عَورت نظر آئی جو آفتاب کو اوڑھے ہُوئے تھی اور چاند اُس کے پاؤں کے نِیچے تھا اور بارہ سِتاروں کا تاج اُس کے سر پر۔
2 وہ حامِلہ تھی اور دردِ زِہ میں چِلاّتی تھی اور بچّہ جَننے کی تکلِیف میں تھی۔
3 پِھرایک اَور نِشان آسمان پر دِکھائی دِیا یعنی ایک بڑا لال اژدہا ۔ اُس کے سات سر اور دس سِینگ تھے اور اُس کے سروں پر سات تاج۔
4 اور اُس کی دُم نے آسمان کے تِہائی سِتارے کھینچ کر زمِین پر ڈال دِئے اور وہ اژدہا اُس عَورت کے آگے جا کھڑا ہُؤا جو جننے کو تھی تاکہ جب وہ جنے تو اُس کے بچّے کو نِگل جائے۔
5 اور وہ بیٹا جنی یعنی وہ لڑکا جو لوہے کے عَصا سے سب قَوموں پر حُکومت کرے گااور اُس کا بچّہ یکایک خُدا اور اُس کے تخت کے پاس تک پُہنچا دِیا گیا۔