مُکاشفہ 21:15-21 URD

15 اور جو مُجھ سے کہہ رہا تھا اُس کے پاس شہر اور اُس کے دروازوں اور اُس کی شہر پناہ کے ناپنے کے لِئے ایک پَیمایش کا آلہ یعنی سونے کا گز تھا۔

16 اور وہ شہر چَوکور واقِع ہُؤا تھا اور اُس کی لمبائی چَوڑائی کے برابر تھی ۔ اُس نے شہر کو اُس گز سے ناپا تو بارہ ہزار فرلانگ نِکلا ۔ اُس کی لمبائی اور چَوڑائی اور اُونچائی برابر تھی۔

17 اور اُس نے اُس کی شہر پناہ کو آدمی کی یعنی فرِشتہ کی پَیمایش کے مُطابِق ناپا تو ایک سَو چَوالِیس ہاتھ نِکلی۔

18 اور اُس کی شہر پناہ کی تعمِیر یشب کی تھی اور شہر اَیسے خالِص سونے کا تھا جو شفّاف شِیشہ کی مانِند ہو۔

19 اور اُس شہر کی شہر پناہ کی بُنیادیں ہر طرح کے جواہِرسے آراستہ تِھیں ۔ پہلی بُنیاد یشب کی تھی ۔ دُوسری نِیلم کی ۔ تِیسری شب چراغ کی ۔ چَوتھی زمُرّد کی۔

20 پانچوِیں عقِیق کی ۔ چھٹی لَعل کی ۔ ساتوِیں سُنہرے پتّھر کی ۔ آٹھوِیں فِیروزہ کی ۔ نوِیں زبرجد کی ۔ دسوِیں یمنی کی ۔ گیارھوِیں سنگِ سُنبلی کی اور بارھوِیں یاقُوت کی۔

21 اور بارہ دروازے بارہ موتِیوں کے تھے ۔ ہر دروازہ ایک موتی کا تھا اور شہر کی سڑک شفّاف شِیشہ کی مانِند خالِص سونے کی تھی۔