احبار 14:18-24 URD

18 اور جو تیل کاہِن کے ہاتھ میں باقی بچے اُسے وہ اُس شخص کے سر میں ڈال دے جو پاک قرار دِیا جائے گا ۔ یُوں کاہِن اُس کے لِئے خُداوند کے حضُور کفّارہ دے۔

19 اور کاہِن خطا کی قُربانی بھی گُذرانے اور اُس کے لِئے جو اپنی ناپاکی سے پاک قرار دِیا جائے گا کفّارہ دے ۔ اِس کے بعد وہ سوختنی قُربانی کے جانور کو ذبح کرے۔

20 پِھر کاہِن سوختنی قُربانی اور نذر کی قُربانی کو مذبح پر چڑھائے ۔ یُوں کاہِن اُس کے لِئے کفّارہ دے تو وہ پاک ٹھہرے گا۔

21 اور اگر وہ غریب ہو اور اِتنا اُسے مقدُور نہ ہو تو وہ ہِلانے کے واسطے جُرم کی قُربانی کے لِئے ایک نر برّہ لے تاکہ اُس کے لِئے کفّارہ دِیا جائے اور نذر کی قُربانی کے لِئے ایفہ کے دسویں حِصّہ کے برابر تیل مِلا ہُؤا مَیدہ اور لوج بھر تیل۔

22 اور اپنے مقدُور کے مُطابِق دو قُمریاں یا کبُوتر کے دو بچّے بھی لے جِن میں سے ایک تو خطا کی قُربانی کے لِئے اور دُوسرا سوختنی قُربانی کے لِئے ہو۔

23 اِنہیں وہ آٹھویں دِن اپنے پاک قرار دِئے جانے کے لِئے کاہِن کے پاس خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر خُداوند کے حضُور لائے۔

24 اور کاہِن جُرم کی قُربانی کے برّہ کو اور اُس لوج بھر تیل کو لے کر اُن کو خُداوند کے حضُور ہِلانے کی قُربانی کے طَور پر ہِلائے۔