1 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔
2 تُوبنی اِسرائیل سے یہ بھی کہہ دے کہ بنی اِسرائیل میں سے یا اُن پردیسیوں میں سے جو اِسرائیلِیوں کے درمِیان بُود و باش کرتے ہیں جو کوئی شخص اپنی اَولاد میں سے کِسی کو مولک کی نذر کرے وہ ضرُور جان سے ماراجائے ۔ اہلِ مُلک اُسے سنگسار کریں۔
3 اور مَیں بھی اُس شخص کا مُخالِف ہُوں گا اور اُسے اُس کے لوگوں میں سے کاٹ ڈالُوں گا ۔ اِس لِئے کہ اُس نے اپنی اَولاد کو مولک کی نذر کر کے میرے مَقدِس اور میرے پاک نام کو ناپاک ٹھہرایا۔
4 اور اگر اُس وقت جب وہ اپنی اَولاد میں سے کِسی کو مولک کی نذر کرے اہلِ مُلک اُس شخص کی طرف سے چشم پوشی کر کے اُسے جان سے نہ ماریں۔
5 تو مَیں خُود اُس شخص کا اور اُس کے گھرانے کا مُخالِف ہو کر اُس کو اور اُن سبھوں کو جو اُس کی پَیروی میں زِناکار بنیں اور مولک کے ساتھ زِنا کریں اُن کی قَوم میں سے کاٹ ڈالُوں گا۔
6 اور جو شخص جِنّات کے یاروں اور جادُوگروں کے پاس جائے کہ اُن کی پَیروی میں زِنا کرے مَیں اُس کا مُخالِف ہُوں گا اور اُسے اُس کی قَوم میں سے کاٹ ڈالُوں گا۔
7 اِس لِئے تُم اپنے آپ کو مُقدّس کرو اور پاک رہو ۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔
8 اور تُم میرے آئِین کو ماننا اور اُس پر عمل کرنا ۔ مَیں خُداوند ہُوں جو تُم کو مُقدّس کرتا ہُوں۔
9 اور جو کوئی اپنے باپ یا اپنی ماں پر لَعنت کرے وہ ضرُور جان سے مارا جائے ۔ اُس نے اپنے باپ یا ماں پر لَعنت کی ہے ۔ سو اُس کا خُون اُسی کی گردن پر ہو گا۔
10 اور جو شخص دُوسرے کی بِیوی سے یعنی اپنے ہمسایہ کی بِیوی سے زِنا کرے وہ زانی اور زانِیہ دونوں ضرُور جان سے مار دِئے جائیں۔
11 اور جو شخص اپنی سَوتیلی ماں سے صُحبت کرے اُس نے اپنے باپ کے بدن کو بے پردہ کِیا ۔ وہ دونوں ضرُور جان سے مارے جائیں ۔ اُن کا خُون اُن ہی کی گردن پر ہو گا۔
12 اور اگر کوئی شخص اپنی بہُو سے صُحبت کرے تو وہ دونوں ضرُور جان سے مارے جائیں ۔ اُنہوں نے اَوندھی بات کی ہے ۔ اُن کا خُون اُن ہی کی گردن پر ہو گا۔
13 اور اگر کوئی مَرد سے صُحبت کرے جَیسے عَورت سے کرتے ہیں تو اُن دونوں نے نِہایت مکرُوہ کام کِیا ہے ۔ سو وہ دونوں ضرُور جان سے مارے جائیں ۔ اُن کا خُون اُن ہی کی گردن پر ہو گا۔
14 اور اگر کوئی شخص اپنی بِیوی اور اپنی ساس دونوں کو رکھّے تو یہ بڑی خباثت ہے ۔ سو وہ آدمی اور وہ عَورتیں تِینوں کے تِینوں جلا دِئے جائیں تاکہ تُمہارے درمِیان خباثت نہ رہے۔
15 اور اگر کوئی مَرد کِسی جانور سے جماع کرے تو وہ ضرُور جان سے مارا جائے اور تُم اُس جانور کو بھی مار ڈالنا۔
16 اور اگر کوئی عَورت کِسی جانور کے پاس جائے اور اُس سے ہم صُحبت ہو تو تُو اُس عَورت اور جانور دونوں کو مار ڈالنا ۔ وہ ضرُور جان سے مارے جائیں ۔ اُن کا خُون اُن ہی کی گردن پر ہو گا۔
17 اور اگر کوئی مَرد اپنی بہن کو جو اُس کے باپ کی یا اُس کی ماں کی بیٹی ہو لے کر اُس کا بدن دیکھے اور اُس کی بہن اُس کا بدن دیکھے تو یہ شرم کی بات ہے ۔ وہ دونوں اپنی قَوم کے لوگوں کی آنکھوں کے سامنے قتل کِئے جائیں ۔ اُس نے اپنی بہن کے بدن کو بے پردہ کِیا ۔ اُس کا گُناہ اُسی کے سر لگے گا۔
18 اور اگر مَرد اُس عَورت سے جو کپڑوں سے ہو صُحبت کر کے اُس کے بدن کو بے پردہ کرے تو اُس نے اُس کا چشمہ کھولا اور اُس عَورت نے اپنے خُون کا چشمہ کُھلوایا ۔ سو وہ دونوں اپنی قَوم میں سے کاٹ ڈالے جائیں۔
19 اور تُو اپنی خالہ یا پُھوپھی کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا کیونکہ جو اَیسا کرے اُس نے اپنی قرِیبی رِشتہ دار کو بے پردہ کِیا ۔ سو اُن دونوں کا گُناہ اُن ہی کے سر لگے گا۔
20 اور اگر کوئی اپنی چچی یا تائی سے صُحبت کرے تو اُس نے اپنے چچا یا تاؤُ کے بدن کو بے پردہ کِیا ۔ سو اُن کا گُناہ اُن کے سر لگے گا ۔ وہ لاولد مَریں گے۔
21 اگر کوئی شخص اپنے بھائی کی بِیوی کو رکھّے تو یہ نجاست ہے ۔ اُس نے اپنے بھائی کے بدن کو بے پردہ کِیا ۔ وہ لاولد رہیں گے۔
22 سو تُم میرے سب آئِین اور احکام ماننا اور اُن پر عمل کرنا تاکہ وہ مُلک جِس میں مَیں تُم کو بسانے کو لِئے جاتا ہُوں تُم کو اُگل نہ دے۔
23 تُم اُن قَوموں کے دستُوروں پر جِن کو مَیں تُمہا رے آگے سے نِکالتا ہُوں مت چلنا کیونکہ اُنہوں نے یہ سب کام کِئے ۔ اِسی لِئے مُجھے اُن سے نفرت ہو گئی۔
24 پر مَیں نے تُم سے کہا ہے کہ تُم اُن کے مُلک کے وارِث ہو گے اور مَیں تُم کو وہ مُلک جِس میں دُودھ اور شہد بہتا ہے تُمہاری مِلکِیّت ہونے کے لِئے دُوں گا ۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں جِس نے تُم کو اَور قَوموں سے الگ کِیا ہے۔
25 سو تُم پاک اور ناپاک چَوپایوں میں اور پاک اور ناپاک پرِندوں میں فرق کرنا اور تُم کِسی جانور یا پرِندے یازمِین پر کے رینگنے والے جاندار سے جِن کو مَیں نے تُمہارے لِئے ناپاک ٹھہرا کر الگ کِیا ہے اپنے آپ کو مکرُوہ نہ بنا لینا۔
26 اور تُم میرے لِئے پاک بنے رہنا کیونکہ مَیں جو خُداوند ہُوں پاک ہُوں اور مَیں نے تُم کو اَور قَوموں سے الگ کِیا ہے تاکہ تُم میرے ہی رہو۔
27 اور وہ مَرد یا عَورت جِس میں جِنّ ہو یا وہ جادُوگر ہو تو وہ ضرُور جان سے مارا جائے ۔ اَیسوں کو لوگ سنگسار کریں ۔ اُن کا خُون اُن ہی کی گردن پر ہو گا۔