1 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔
2 ہارُون اور اُس کے ساتھ اُس کے بیٹوں کو اور لِباس کو اور مَسح کرنے کے تیل کو اور خطا کی قُربانی کے بچھڑے اور دونوں مینڈھوں اور بے خمِیری روٹیوں کی ٹوکری کو لے۔
3 اور ساری جماعت کو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر جمع کر۔
4 چُنانچہ مُوسیٰ نے خُداوند کے حُکم کے مُطابِق عمل کِیا اور ساری جماعت خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر جمع ہُوئی۔
5 تب مُوسیٰ نے جماعت سے کہا یہ وہ کام ہے جِس کے کرنے کا حُکم خُداوند نے دِیا ہے۔
6 پِھر مُوسیٰ ہارُون اور اُس کے بیٹوں کو آگے لایا اور اُن کو پانی سے غُسل دِلایا۔
7 اور اُس کو کُرتا پہنا کر اُس پر کمربند لپیٹا اور اُس کو جُبّہ پہنا کر اُس پر افُود لگایا اور افُود کے کارِیگری سے بُنے ہُوئے کمر بند کو اُس پر لپیٹا اور اُسی سے اُس کو اُس کے اُوپر کَس دِیا۔
8 اور سِینہ بند کو اُس کے اُوپر لگا کر سِینہ بند میں اُورِیم اور تُمیّم لگا دِئے۔
9 اور اُس کے سر پر عمامہ رکھّا اور عمامہ پر سامنے سونے کے پتّر یعنی مُقدّس تاج کو لگایا جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم کِیا تھا۔
10 اور مُوسیٰ نے مَسح کرنے کا تیل لِیا اور مسکن کو اور جو کُچھ اُس میں تھا سب کو مَسح کر کے مُقدّس کِیا۔
11 اور اُس میں سے تھوڑا سا لے کر مذبح پر سات بار چِھڑکا اور مذبح اور اُس کے سب ظُروف کو اور حَوض اور اُس کی کُرسی کو مَسح کِیا تاکہ اُنہیں مُقدّس کرے۔
12 اور مَسح کرنے کے تیل میں سے تھوڑا سا ہارُون کے سر پر ڈالا اور اُسے مَسح کِیا تاکہ وہ مُقدّس ہو۔
13 پِھر مُوسیٰ ہارُون کے بیٹوں کو آگے لایا اور اُن کو کُرتے پہنائے اور اُن پر کمربند لپیٹے اور اُن کو پگڑیاں پہنائِیں جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم کِیا تھا۔
14 اور وہ خطا کی قُربانی کے بچھڑے کو آگے لایا اور ہارُون اور اُس کے بیٹوں نے اپنے اپنے ہاتھ خطا کی قُربانی کے بچھڑے کے سر پر رکھّے۔
15 پِھر اُس نے اُس کو ذبح کِیا اور مُوسیٰ نے خُون کو لے کر مذبح کے گِرداگِرد اُس کے سِینگوں پر اپنی اُنگلی سے لگایا اور مذبح کو پاک کِیا اور باقی خُون مذبح کے پایہ پر اُنڈیل کر اُس کا کفّارہ دِیا تاکہ وہ مُقدّس ہو۔
16 اور مُوسیٰ نے انتڑیوں کے اُوپر کی ساری چربی اور جِگر پر کی جِھلّی اور دونوں گُردوں اور اُن کی چربی کو لِیا اور اُنہیں مذبح پر جلایا۔
17 لیکن بچھڑے کو اُس کی کھال اور گوشت اور گوبر سمیت لشکرگاہ کے باہر آگ میں جلایا جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم کِیا تھا۔
18 پِھر اُس نے سوختنی قُربانی کے مینڈھے کو حاضِر کِیا اور ہارُون اور اُس کے بیٹوں نے اپنے اپنے ہاتھ اُس مینڈھے کے سر پر رکھّے۔
19 اور اُس نے اُس کو ذبح کِیا اور مُوسیٰ نے خُون کو مذبح کے اُوپر گِرداگِرد چِھڑکا۔
20 پِھر اُس نے مینڈھے کے عُضو عُضو کو کاٹ کر الگ کِیا اور مُوسیٰ نے سر اور اعضا اور چربی کو جلایا۔
21 اور اُس نے انتڑیوں اور پایوں کو پانی سے دھویا اور مُوسیٰ نے پُورے مینڈھے کو مذبح پر جلایا ۔ یہ سوختنی قُربانی راحت انگیز خُوشبُو کے لِئے تھی ۔ یہ خُداوند کی آتِشِین قُربانی تھی جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم کِیا تھا۔
22 اور اُس نے دُوسرے مینڈھے کو جو تخصِیصی مینڈھا تھا حاضِر کِیا اور ہارُون اور اُس کے بیٹوں نے اپنے اپنے ہاتھ اُس مینڈھے کے سر پر رکھّے۔
23 اور اُس نے اُس کو ذبح کِیا اور مُوسیٰ نے اُس کا کُچھ خُون لے کر اُسے ہارُون کے دہنے کان کی لَو پر اور دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر لگایا۔
24 پِھر وہ ہارُون کے بیٹوں کو آگے لایا اور اُسی خُون میں سے کُچھ اُن کے دہنے کان کی لَو پر اور دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر لگایا اور باقی خُون کو اُس نے مذبح کے اُوپر گِرداگِرد چِھڑکا۔
25 اور اُس نے چربی اور موٹی دُم اور انتڑیوں کے اُوپر کی چربی اور جِگر پر کی جِھلّی اور دونوں گُردے اور اُن کی چربی اور دہنی ران اِن سبھوں کو لِیا۔
26 اور بے خمِیری روٹِیوں کی ٹوکری میں سے جو خُداوند کے حضُور رہتی تھی بے خمِیری روٹی کا ایک گِردہ اور تیل چُپڑی ہُوئی روٹی کا ایک گِردہ اور ایک چپاتی نِکال کر اُنہیں چربی اور دہنی ران پر رکھّا۔
27 اور اِن سبھوں کو ہارُون اور اُس کے بیٹوں کے ہاتھوں پر رکھ کر اُن کو ہِلانے کی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور ہِلایا۔
28 پِھر مُوسیٰ نے اُن کو اُن کے ہاتھوں سے لے لِیا اور اُن کو مذبح پر سوختنی قُربانی کے اُوپر جلایا ۔ یہ راحت انگیز خُوشبُو کے لِئے تخصِیصی قُربانی تھی ۔ یہ خُداوند کی آتِشِین قُربانی تھی۔
29 پِھر مُوسیٰ نے سِینہ کو لِیا اور اُس کو ہِلانے کی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور ہِلایا ۔ اُس تخصِیصی مینڈھے میں سے یہی مُوسیٰ کا حِصّہ تھا جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم کِیا تھا۔
30 اور مُوسیٰ نے مَسح کرنے کے تیل اور مذبح کے اُوپر کے خُون میں سے کُچھ کُچھ لے کر اُسے ہارُون اور اُس کے لِباس پر اور ساتھ ہی اُس کے بیٹوں پر اور اُن کے لِباس پر چِھڑکا اور ہارُون اور اُس کے لِباس کو اور اُس کے بیٹوں کو اور اُن کے لِباس کو مُقدّس کِیا۔
31 اور مُوسیٰ نے ہارُون اور اُس کے بیٹوں سے کہا کہ یہ گوشت خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر پکاؤ اور اِس کو وہیں اُس روٹی کے ساتھ جو تخصِیصی ٹوکری میں ہے کھاؤ جَیسا مَیں نے حُکم کِیا ہے کہ ہارُون اور اُس کے بیٹے اُسے کھائیں۔
32 اور اِس گوشت اور روٹی میں سے جو کُچھ بچ رہے اُسے آگ میں جلا دینا۔
33 اور جب تک تُمہاری تخصِیص کے ایّام پُورے نہ ہوں تب تک یعنی سات دِن تک تُم خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ سے باہر نہ جانا کیونکہ سات دِن تک وہ تُمہاری تخصِیص کرتا رہے گا۔
34 جَیسا آج کِیا گیا ہے وَیسا ہی کرنے کا حُکم خُداوند نے دِیا ہے تاکہ تُمہارے لِئے کفّارہ ہو۔
35 سو تُم خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر سات روز تک دِن رات ٹھہرے رہنا اور خُداوند کے حُکم کو ماننا تاکہ تُم مَر نہ جاؤ کیونکہ اَیسا ہی حُکم مُجھ کو مِلا ہے۔
36 پس ہارُون اور اُس کے بیٹوں نے سب کام خُداوند کے حُکم کے مُطابِق کِیا جو اُس نے مُوسیٰ کی معرفت دِیا تھا۔