31 اور مُوسیٰ نے ہارُون اور اُس کے بیٹوں سے کہا کہ یہ گوشت خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر پکاؤ اور اِس کو وہیں اُس روٹی کے ساتھ جو تخصِیصی ٹوکری میں ہے کھاؤ جَیسا مَیں نے حُکم کِیا ہے کہ ہارُون اور اُس کے بیٹے اُسے کھائیں۔
32 اور اِس گوشت اور روٹی میں سے جو کُچھ بچ رہے اُسے آگ میں جلا دینا۔
33 اور جب تک تُمہاری تخصِیص کے ایّام پُورے نہ ہوں تب تک یعنی سات دِن تک تُم خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ سے باہر نہ جانا کیونکہ سات دِن تک وہ تُمہاری تخصِیص کرتا رہے گا۔
34 جَیسا آج کِیا گیا ہے وَیسا ہی کرنے کا حُکم خُداوند نے دِیا ہے تاکہ تُمہارے لِئے کفّارہ ہو۔
35 سو تُم خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر سات روز تک دِن رات ٹھہرے رہنا اور خُداوند کے حُکم کو ماننا تاکہ تُم مَر نہ جاؤ کیونکہ اَیسا ہی حُکم مُجھ کو مِلا ہے۔
36 پس ہارُون اور اُس کے بیٹوں نے سب کام خُداوند کے حُکم کے مُطابِق کِیا جو اُس نے مُوسیٰ کی معرفت دِیا تھا۔