حِزقی ایل 29:1-6 URD

1 دسویں برس کے دسویں مہِینے کی بارھوِیں تارِیخ کو خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا۔

2 کہ اَے آدم زاد تُو شاہِ مِصر فرعَون کے خِلاف ہو اور اُس کے اور تمام مُلکِ مِصر کے خِلاف نبُوّت کر۔

3 کلام کر اور کہہ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ اَے شاہِ مِصر فِرعَون مَیں تیرا مُخالِف ہُوں ۔ اُس بڑے گھڑیال کا جو اپنے دریاؤں میں لیٹ رہتا ہے اور کہتا ہے کہ میرا دریا میرا ہی ہے اور مَیں نے اُسے اپنے لِئے بنایا ہے۔

4 لیکن مَیں تیرے جبڑوں میں کانٹے اٹکاؤُں گا اور تیرے دریاؤں کی مچھلیاں تیری کھال پر چِمٹاؤُں گا اور تُجھے تیرے دریاؤں سے باہر کھینچ نِکالُوں گا اور تیرے دریاؤں کی سب مچھلیاں تیری کھال پر چِمٹی ہوں گی۔

5 اور مَیں تُجھ کو اور تیرے دریاؤں کی مچھلیوں کو بیابان میں پھینک دُوں گا ۔ تُو کُھلے مَیدان میں پڑا رہے گا ۔تُو نہ بٹورا جائے گا نہ جمع کِیا جائے گا ۔ مَیں نے تُجھے مَیدان کے درِندوں اور آسمان کے پرِندوں کی خُوراک کر دِیا ہے۔

6 اور مِصر کے تمام باشِندے جانیں گے کہ مَیں خُداوند ہُوں ۔اِس لِئے کہ وہ بنی اِسرائیل کے لِئے فقط سرکنڈے کا عصا تھے۔