حِزقی ایل 25 URD

بنی عمُّون کے خِلاف نبُّوت

1 اور خُداوند خُدا کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا۔

2 کہ اَے آدم زاد بنی عمُّون کی طرف مُتوجِّہ ہو اور اُن کے خِلاف نبُوّت کر۔

3 اور بنی عمُّون سے کہہ خُداوند خُدا کا کلام سُنو ۔ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے چُونکہ تُو نے میرے مَقدِس پر جب وہ ناپاک کِیا گیا اور اِسرائیل کے مُلک پر جب وہ اُجاڑا گیا اور بنی یہُوداہ پر جب وہ اسِیر ہو کر گئے اہاہا! کہا۔

4 اِس لِئے مَیں تُجھے اہلِ مشرِق کے حوالہ کر دُوں گا کہ تُو اُن کی مِلکِیّت ہو اور وہ تُجھ میں اپنے ڈیرے لگائیں گے اور تیرے اندر اپنے مکان بنائیں گے اور تیرے میوے کھائیں گے اور تیرا دُودھ پِئیں گے۔

5 اور مَیں ربّہ کو اُونٹوں کا اصطبل اور بنی عمُّون کی سرزمِین کو بھیڑسالہ بنا دُوں گا اور تُو جانے گا کہ مَیں خُداوند ہُوں۔

6 کیونکہ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ چُونکہ تُو نے تالِیاں بجائِیں اور پاؤں پٹکے اور اِسرائیل کی مملکت کی بربادی پر اپنی کمال عداوت سے بڑی شادمانی کی۔

7 اِس لِئے دیکھ مَیں اپنا ہاتھ تُجھ پر چلاؤُں گا اورتُجھے دِیگر اقوام کے حوالہ کرُوں گا تاکہ وہ تُجھ کولُوٹ لیں اور مَیں تُجھے اُمّتوں میں سے کاٹ ڈالُوں گااور مُلکوں میں سے تُجھے نیست و نابُود کرُوں گا ۔ مَیں تُجھے ہلاک کرُوں گا اور تُو جانے گا کہ خُداوند مَیںہُوں۔

موآب کے خِلاف نبُّوت

8 خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ چُونکہ موآ ب اور شعِیر کہتے ہیں کہ بنی یہُوداہ تمام قَوموں کی مانِند ہیں۔

9 اِس لِئے دیکھ مَیں موآ ب کے پہلُو کو اُس کے شہروں سے اُس کی سرحد کے شہروں سے جو زمِین کی شَوکت ہیں بَیت یسِیمو ت اور بعل معُون اور قریتا ئِم سے کھول دُوں گا۔

10 اور مَیں اہلِ مشرِق کو اُس کے اور بنی عمُّون کے خِلاف چڑھا لاؤُں گا کہ اُن پر قابِض ہوں تاکہ قَوموں کے درمِیان بنی عمُّون کا ذِکر باقی نہ رہے۔

11 اور مَیں موآ ب کو سزا دُوں گا اور وہ جانیں گے کہ خُداوندمَیں ہُوں۔

ادُوم کے خِلاف نبُّوت

12 خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ چُونکہ ادُو م نے بنی یہُوداہ سے کِینہ کشی کی اور اُن سے اِنتِقام لے کربڑا گُناہ کِیا۔

13 اِس لِئے خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ مَیں ادُو م پر ہاتھ چلاؤُں گا ۔ اُس کے اِنسان اور حَیوان کو نابُود کرُوں گا اور تِیمان سے لے کر اُسے وِیران کرُوں گا اور وہ ددا ن تک تلوار سے قتل ہوں گے۔

14 اور مَیں اپنی قَوم بنی اِسرائیل کے ہاتھ سے ادُو م سے اِنتقام لُوں گا اور وہ میرے غضب و قہر کے مُطابِق ادُو م سے سلُوک کریں گے اور وہ میرے اِنتقام کو معلُوم کریں گے خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

فلِستِیوں کے خِلاف نبُّوت

15 خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ چُونکہ فلِستیوں نے کِینہ کشی کی اور دِل کی کِینہ وری سے اِنتقام لِیا تاکہ دائِمی عداوت سے اُسے ہلاک کریں۔

16 اِس لِئے خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں فلِستیوں پر ہاتھ چلاؤُں گا اور کریتِیوں کو کاٹ ڈالُوں گا اور سمُندر کے ساحِل کے باقی لوگوں کو ہلاک کرُوں گا۔

17 اور مَیں سخت عِتاب کر کے اُن سے بڑا اِنتقام لُوں گااور جب مَیں اُن سے اِنتقام لُوں گا تو وہ جانیں گے کہ خُداوند مَیں ہُوں۔

ابواب

1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17 18 19 20 21 22 23 24 25 26 27 28 29 30 31 32 33 34 35 36 37 38 39 40 41 42 43 44 45 46 47 48