حِزقی ایل 8:10-16 URD

10 تب مَیں نے اندر جا کر دیکھا اور کیا دیکھتا ہُوں کہ ہر نَوع کے سب رینگنے والے کِیڑوں اور مکرُوہ جانوروں کی سب صُورتیں اور بنی اِسرائیل کے بُت گِردا گِرد دِیوار پر مُنقّش ہیں۔

11 اور بنی اِسرائیل کے بزُرگوں میں سے ستّر شخص اُن کے آگے کھڑے ہیں اور یازنیا ہ بِن سافن اُن کے وسط میں کھڑا ہے اور ہر ایک کے ہاتھ میں ایک بخُور دان ہے اورخُوشبُو بخُور کا بادل اُٹھ رہا ہے۔

12 تب اُس نے مُجھے فرمایا کہ اَے آدم زاد کیا تُو نے دیکھا کہ بنی اِسرائیل کے سب بزُرگ تارِیکی میں یعنی اپنے مُنقّش کاشانوں میں کیا کرتے ہیں؟ کیونکہ وہ کہتے ہیں کہ خُداوند ہم کو نہیں دیکھتا ۔ خُداوند نے مُلک کو چھوڑ دِیا ہے۔

13 اور اُس نے مُجھے یہ بھی فرمایا کہ تُو ابھی اِن سے بھی بڑی مکرُوہات جو وہ کرتے ہیں دیکھے گا۔

14 تب وہ مُجھے خُداوند کے گھر کے شِمالی پھاٹک پر لایا اور کیا دیکھتا ہُوں کہ وہاں عَورتیں بَیٹھی تمُّوز پر نَوحہ کر رہی ہیں۔

15 تب اُس نے مُجھے فرمایا اَے آد م زاد کیا تُو نے یہ دیکھا ہے؟ تُو ابھی اِن سے بھی بڑی مکرُوہات دیکھے گا۔

16 پِھر وہ مُجھے خُداوند کے گھر کے اندرُونی صحن میں لے گیا اور کیا دیکھتا ہُوں کہ خُداوند کی ہَیکل کے دروازہ پر آستانہ اور مذبح کے درمِیان قرِیباً پچِّیس شخص ہیں جِن کی پِیٹھ خُداوند کی ہَیکل کی طرف ہے اور اُن کے مُنہ مشرِق کے طرف ہیں اور مشرِق کا رُخ کر کے آفتاب کو سِجدہ کر رہے ہیں۔