حِزقی ایل 8:5-11 URD

5 تب اُس نے مُجھے فرمایا اَے آدم زاد اپنی آنکھیں شِمال کی طرف اُٹھا اور مَیں نے اُس طرف آنکھیں اُٹھائِیں اور کیا دیکھتا ہُوں کہ شِمال کی طرف مذبح کے دروازہ پرغَیرت کی وُہی مُورت مدخل میں ہے۔

6 اور اُس نے پِھر مُجھے فرمایا کہ اَے آدم زاد تُو اُن کے کام دیکھتا ہے؟ یعنی وہ مکرُوہاتِ عظِیم جو بنی اِسرائیل یہاں کرتے ہیں تاکہ مَیں اپنے مَقدِس کو چھوڑ کر اُس سے دُور ہو جاؤُں لیکن تُو ابھی اِن سے بھی بڑی مکرُوہات دیکھے گا۔

7 تب وہ مُجھے صحن کے پھاٹک پر لایا اور مَیں نے نظر کی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ دِیوار میں ایک چھید ہے۔

8 تب اُس نے مُجھے فرمایا اَے آدم زاد دِیوار کھود اور جب مَیں نے دِیوار کو کھودا تو ایک دروازہ دیکھا۔

9 پِھر اُس نے مُجھے فرمایا اندر جا اور جو نفرتی کام وہ یہاں کرتے ہیں دیکھ۔

10 تب مَیں نے اندر جا کر دیکھا اور کیا دیکھتا ہُوں کہ ہر نَوع کے سب رینگنے والے کِیڑوں اور مکرُوہ جانوروں کی سب صُورتیں اور بنی اِسرائیل کے بُت گِردا گِرد دِیوار پر مُنقّش ہیں۔

11 اور بنی اِسرائیل کے بزُرگوں میں سے ستّر شخص اُن کے آگے کھڑے ہیں اور یازنیا ہ بِن سافن اُن کے وسط میں کھڑا ہے اور ہر ایک کے ہاتھ میں ایک بخُور دان ہے اورخُوشبُو بخُور کا بادل اُٹھ رہا ہے۔