حِزقی ایل 9:3-9 URD

3 اور اِسرائیل کے خُدا کا جلال کرُّوبی پر سے جِس پر وہ تھا اُٹھ کر گھر کے آستانہ پر گیا اور اُس نے اُس مَرد کو جو کتانی لِباس پہنے تھا اور جِس کے پاس لِکھنے کی دوات تھی پُکارا۔

4 اور خُداوند نے اُسے فرمایا کہ شہر کے درمیان سے ہاں یروشلیِم کے بِیچ سے گُذر اور اُن لوگوں کی پیشانی پر جو اُن سب نفرتی کاموں کے سبب سے جو اُس کے درمِیان کِئے جاتے ہیں آہیں مارتے اور روتے ہیں نِشان کر دے۔

5 اور اُس نے میرے سُنتے ہُوئے دُوسروں سے فرمایا اُس کے پِیچھے پِیچھے شہر میں سے گُذر کرو اور مارو ۔ تُمہاری آنکھیں رِعایت نہ کریں اور تُم رحم نہ کرو۔

6 تُم بُوڑھوں اور جوانوں اور لڑکیوں اور ننّھے بچّوں اور عَورتوں کو بِالکُل مار ڈالو لیکن جِن پر نِشان ہے اُن میں سے کِسی کے پاس نہ جاؤ اور میرے مَقدِس سے شرُوع کرو ۔ تب اُنہوں نے اُن بزُرگوں سے جو ہَیکل کے سامنے تھے شرُوع کِیا۔

7 اور اُس نے اُن کو فرمایا کہ ہَیکل کو ناپاک کرو اور مقتُولوں سے صحنوں کو بھر دو ۔ چلو باہر نِکلو ۔ سو وہ نِکل گئے اور شہر میں قتل کرنے لگے۔

8 اور جب وہ اُن کو قتل کر رہے تھے اور مَیں بچ رہا تھا تو یُوں ہُؤا کہ مَیں مُنہ کے بَل گِرا اور چِلاّ کر کہا آہ! اَے خُداوند خُدا کیا تُو اپنا قہرِ شدِید یروشلیِم پر نازِل کر کے اِسرائیل کے سب باقی لوگوں کو ہلاک کرے گا؟۔

9 تب اُس نے مُجھے فرمایا کہ اِسرائیل اور یہُودا ہ کے خاندان کی بدکرداری نِہایت عظِیم ہے ۔ مُلک خُون ریزی سے پُر ہے اور شہر بے اِنصافی سے بھرا ہے کیونکہ وہ کہتے ہیں کہ خُداوند نے مُلک کو چھوڑ دِیا ہے اور وہ نہیں دیکھتا۔