دانی ایل 12:3-9 URD

3 اور اہلِ دانِش نُورِ فلک کی مانِند چمکیں گے اور جِن کی کوشِش سے بُہتیرے صادِق ہو گئے سِتاروں کی مانِند ابدُا لآباد تک رَوشن ہوں گے۔

4 لیکن تُو اَے دانی ایل اِن باتوں کو بند کر رکھ اور کِتاب پر آخِری زمانہ تک مُہر لگا دے ۔ بُہتیرے اِس کی تفتِیش و تحقِیق کریں گے اور دانِش افزُون ہو گی۔

5 پِھر مَیں دانی ایل نے نظر کی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ دو شخص اَور کھڑے تھے ۔ ایک دریا کے اِس کنارہ پر اور دُوسرا دریا کے اُس کنارہ پر۔

6 اور ایک نے اُس شخص سے جو کتانی لِباس پہنے تھا اور دریا کے پانی پر کھڑا تھا پُوچھا کہ اِن عجائِب کے انجام تک کِتنی مُدّت ہے؟۔

7 اور مَیں نے سُنا کہ اُس شخص نے جو کتانی لِباس پہنے تھا جو دریا کے پانی کے اُوپر کھڑا تھا دونوں ہاتھ آسمان کی طرف اُٹھا کر حیُّ القیُّوم کی قَسم کھائی اور کہا کہ ایک دَور اور دَور اور نِیم دَور ۔ اور جب وہ مُقدّس لوگوں کے اِقتدار کو نیست کر چُکیں گے تو یہ سب کُچھ پُورا ہو جائے گا۔

8 اور مَیں نے سُنا پر سمجھ نہ سکا ۔ تب مَیں نے کہا اَے میرے خُداوند اِن کا انجام کیا ہو گا؟۔

9 اُس نے کہا اَے دانی ایل تُو اپنی راہ لے کیونکہ یہ باتیں آخِری وقت تک بند و سر بمُہر رہیں گی۔