5 اور اُن کو بھی جو کوٹھوں پر چڑھ کر اجرامِ فلک کی پرستِش کرتے ہیں اور اُن کو جو خُداوند کی عِبادت کا عہد کرتے ہیں لیکن مِلکُوم کی قَسم کھا تے ہیں۔
6 اور اُن کو بھی جو خُداوند سے برگشتہ ہو کر نہ اُس کے طالِب ہُوئے اور نہ اُنہوں نے اُس سے مشورَت لی۔
7 تُم خُداوند خُدا کے حضُور خاموش رہو کیونکہ خُداوند کا دِن نزدِیک ہے اور اُس نے ذبِیحہ تیّار کِیا ہے اور اپنے مِہمانوں کو مخصُوص کِیا ہے۔
8 اور خُداوند کے ذبِیحہ کے دِن یُوں ہو گا کہ مَیں اُمرا اور شاہزادوں کو اور اُن سب کو جو اجنبیوں کی پوشاک پہِنتے ہیں سزا دُوں گا۔
9 مَیں اُسی روز اُن سب کو جو لوگوں کے گھروں میں گُھس کر اپنے آقا کے گھر کو لُوٹ اور مکر سے بھرتے ہیں سزا دُوں گا۔
10 اور خُداوند فرماتا ہے اُسی روز مچھلی پھاٹک سے رونے کی آواز اور مِشنہ سے ماتم کی اور ٹِیلوں پر سے بڑے غَوغا کی صدا اُٹھے گی۔
11 اَے مکتِیس کے رہنے والو! ماتم کرو کیونکہ سب سَوداگر مارے گئے ۔ جو چاندی سے لدے تھے سب ہلاک ہُوئے۔