گلتیوں 6 UGV

ایک دوسرے کے بوجھ اُٹھانا

1 بھائیو، اگر کوئی کسی گناہ میں پھنس جائے تو آپ جو روحانی ہیں اُسے نرم دلی سے بحال کریں۔ لیکن اپنا بھی خیال رکھیں، ایسا نہ ہو کہ آپ بھی آزمائش میں پھنس جائیں۔

2 بوجھ اُٹھانے میں ایک دوسرے کی مدد کریں، کیونکہ اِس طرح آپ مسیح کی شریعت پوری کریں گے۔

3 جو سمجھتا ہے کہ مَیں کچھ ہوں اگرچہ وہ حقیقت میں کچھ بھی نہیں ہے تو وہ اپنے آپ کو فریب دے رہا ہے۔

4 ہر ایک اپنا ذاتی عمل پرکھے۔ پھر ہی اُسے اپنے آپ پر فخر کا موقع ہو گا اور اُسے کسی دوسرے سے اپنا موازنہ کرنے کی ضرورت نہ ہو گی۔

5 کیونکہ ہر ایک کو اپنا ذاتی بوجھ اُٹھانا ہوتا ہے۔

6 جسے کلامِ مُقدّس کی تعلیم دی جاتی ہے اُس کا فرض ہے کہ وہ اپنے اُستاد کو اپنی تمام اچھی چیزوں میں شریک کرے۔

7 فریب مت کھانا، اللہ انسان کو اپنا مذاق اُڑانے نہیں دیتا۔ جو کچھ بھی انسان بوتا ہے اُسی کی فصل وہ کاٹے گا۔

8 جو اپنی پرانی فطرت کے کھیت میں بیج بوئے وہ ہلاکت کی فصل کاٹے گا۔ اور جو روح القدس کے کھیت میں بیج بوئے وہ ابدی زندگی کی فصل کاٹے گا۔

9 چنانچہ ہم نیک کام کرنے میں بےدل نہ ہو جائیں، کیونکہ ہم مقررہ وقت پر ضرور فصل کی کٹائی کریں گے۔ شرط صرف یہ ہے کہ ہم ہتھیار نہ ڈالیں۔

10 اِس لئے آئیں، جتنا وقت رہ گیا ہے سب کے ساتھ نیکی کریں، خاص کر اُن کے ساتھ جو ایمان میں ہمارے بھائی اور بہنیں ہیں۔

آخری آگاہی اور سلام

11 دیکھیں، مَیں بڑے بڑے حروف کے ساتھ اپنے ہاتھ سے آپ کو لکھ رہا ہوں۔

12 یہ لوگ جو دنیا کے سامنے عزت حاصل کرنا چاہتے ہیں آپ کو ختنہ کروانے پر مجبور کرنا چاہتے ہیں۔ مقصد اُن کا صرف ایک ہی ہے، کہ وہ اُس ایذا رسانی سے بچے رہیں جو تب پیدا ہوتی ہے جب ہم مسیح کی صلیبی موت کی تعلیم دیتے ہیں۔

13 بات یہ ہے کہ جو اپنا ختنہ کراتے ہیں وہ خود شریعت کی پیروی نہیں کرتے۔ توبھی یہ چاہتے ہیں کہ آپ اپنا ختنہ کروائیں تاکہ آپ کے جسم کی حالت پر وہ فخر کر سکیں۔

14 لیکن خدا کرے کہ مَیں صرف ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح کی صلیب ہی پر فخر کروں۔ کیونکہ اُس کی صلیب سے دنیا میرے لئے مصلوب ہوئی ہے اور مَیں دنیا کے لئے۔

15 ختنہ کروانے یا نہ کروانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا بلکہ فرق اُس وقت پڑتا ہے جب اللہ کسی کو نئے سرے سے خلق کرتا ہے۔

16 جو بھی اِس اصول پر عمل کرتے ہیں اُنہیں سلامتی اور رحم حاصل ہوتا رہے، اُنہیں بھی اور اللہ کی قوم اسرائیل کو بھی۔

17 آئندہ کوئی مجھے تکلیف نہ دے، کیونکہ میرے جسم پر زخموں کے نشان ظاہر کرتے ہیں کہ مَیں عیسیٰ کا غلام ہوں۔

18 بھائیو، ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح کا فضل آپ کی روح کے ساتھ ہوتا رہے۔ آمین۔

ابواب

1 2 3 4 5 6