۱۔تھسلنیکیوں 3:5-11 UGV

5 یہی وجہ تھی کہ مَیں نے تیمُتھیُس کو بھیج دیا۔ مَیں یہ حالات برداشت نہ کر سکا، اِس لئے مَیں نے اُسے آپ کے ایمان کو معلوم کرنے کے لئے بھیج دیا۔ ایسا نہ ہو کہ آزمانے والے نے آپ کو یوں آزمائش میں ڈال دیا ہو کہ ہماری آپ پر محنت ضائع جائے۔

6 لیکن اب تیمُتھیُس لوٹ آیا ہے، اور وہ آپ کے ایمان اور محبت کے بارے میں اچھی خبر لے کر آیا ہے۔ اُس نے ہمیں بتایا کہ آپ ہمیں بہت یاد کرتے ہیں اور ہم سے اُتنا ہی ملنے کے آرزومند ہیں جتنا کہ ہم آپ سے۔

7 بھائیو، آپ اور آپ کے ایمان کے بارے میں یہ سن کر ہماری حوصلہ افزائی ہوئی، حالانکہ ہم خود طرح طرح کے دباؤ اور مصیبتوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔

8 اب ہماری جان میں جان آ گئی ہے، کیونکہ آپ مضبوطی سے خداوند میں قائم ہیں۔

9 ہم آپ کی وجہ سے اللہ کے کتنے شکرگزار ہیں! یہ خوشی ناقابلِ بیان ہے جو ہم آپ کی وجہ سے اللہ کے حضور محسوس کرتے ہیں۔

10 دن رات ہم بڑی سنجیدگی سے دعا کرتے رہتے ہیں کہ آپ سے دوبارہ مل کر وہ کمیاں پوری کریں جو آپ کے ایمان میں اب تک رہ گئی ہیں۔

11 اب ہمارا خدا اور باپ خود اور ہمارا خداوند عیسیٰ راستہ کھولے تاکہ ہم آپ تک پہنچ سکیں۔