۱۔کرنتھیوں 9:20-26 UGV

20 مَیں یہودیوں کے درمیان یہودی کی مانند بنا تاکہ یہودیوں کو جیت لوں۔ موسوی شریعت کے تحت زندگی گزارنے والوں کے درمیان مَیں اُن کی مانند بنا تاکہ اُنہیں جیت لوں، گو مَیں شریعت کے ماتحت نہیں۔

21 موسوی شریعت کے بغیر زندگی گزارنے والوں کے درمیان مَیں اُن ہی کی مانند بنا تاکہ اُنہیں جیت لوں۔ اِس کا مطلب یہ نہیں کہ مَیں اللہ کی شریعت کے تابع نہیں ہوں۔ حقیقت میں مَیں مسیح کی شریعت کے تحت زندگی گزارتا ہوں۔

22 مَیں کمزوروں کے لئے کمزور بنا تاکہ اُنہیں جیت لوں۔ سب کے لئے مَیں سب کچھ بنا تاکہ ہر ممکن طریقے سے بعض کو بچا سکوں۔

23 جو کچھ بھی کرتا ہوں اللہ کی خوش خبری کے واسطے کرتا ہوں تاکہ اِس کی برکات میں شریک ہو جاؤں۔

24 کیا آپ نہیں جانتے کہ سٹیڈیم میں دوڑتے تو سب ہی ہیں، لیکن انعام ایک ہی شخص حاصل کرتا ہے؟ چنانچہ ایسے دوڑیں کہ آپ ہی جیتیں۔

25 کھیلوں میں شریک ہونے والا ہر شخص اپنے آپ کو سخت نظم و ضبط کا پابند رکھتا ہے۔ وہ فانی تاج پانے کے لئے ایسا کرتے ہیں، لیکن ہم غیرفانی تاج پانے کے لئے۔

26 چنانچہ مَیں ہر وقت منزلِ مقصود کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے دوڑتا ہوں۔ اور مَیں اِسی طرح باکسنگ بھی کرتا ہوں، مَیں ہَوا میں مُکے نہیں مارتا بلکہ نشانے کو۔