۱۔یوحنا 2:10-16 UGV

10 جو اپنے بھائی سے محبت رکھتا ہے وہ نور میں رہتا ہے اور اُس میں کوئی بھی چیز نہیں پائی جاتی جو ٹھوکر کا باعث بن سکے۔

11 لیکن جو اپنے بھائی سے نفرت کرتا ہے وہ تاریکی ہی میں ہے اور اندھیرے میں چلتا پھرتا ہے۔ اُس کو یہ نہیں معلوم کہ وہ کہاں جا رہا ہے، کیونکہ تاریکی نے اُسے اندھا کر رکھا ہے۔

12 پیارے بچو، مَیں آپ کو اِس لئے لکھ رہا ہوں کہ آپ کے گناہوں کو اُس کے نام کی خاطر معاف کر دیا گیا ہے۔

13 والدو، مَیں آپ کو اِس لئے لکھ رہا ہوں کہ آپ نے اُسے جان لیا ہے جو ابتدا ہی سے ہے۔ جوان مردو، مَیں آپ کو اِس لئے لکھ رہا ہوں کہ آپ ابلیس پر غالب آ گئے ہیں۔ بچو، مَیں آپ کو اِس لئے لکھ رہا ہوں کہ آپ نے باپ کو جان لیا ہے۔

14 والدو، مَیں آپ کو اِس لئے لکھ رہا ہوں کہ آپ نے اُسے جان لیا ہے جو ابتدا ہی سے ہے۔ جوان مردو، مَیں آپ کو اِس لئے لکھ رہا ہوں کہ آپ مضبوط ہیں۔ اللہ کا کلام آپ میں بستا ہے اور آپ ابلیس پر غالب آ گئے ہیں۔

15 دنیا کو پیار مت کرنا، نہ کسی چیز کو جو دنیا میں ہے۔ اگر کوئی دنیا کو پیار کرے تو خدا باپ کی محبت اُس میں نہیں ہے۔

16 کیونکہ جو بھی چیز دنیا میں ہے وہ باپ کی طرف سے نہیں بلکہ دنیا کی طرف سے ہے، خواہ وہ جسم کی بُری خواہشات، آنکھوں کا لالچ یا اپنی ملکیت پر فخر ہو۔