استثنا 14:22-28 UGV

22 لازم ہے کہ تُو ہر سال اپنے کھیتوں کی پیداوار کا دسواں حصہ رب کے لئے الگ کرے۔

23 اِس کے لئے اپنا اناج، انگور کا رس، زیتون کا تیل اور مویشی کے پہلوٹھے رب اپنے خدا کے حضور لے آنا یعنی اُس جگہ جو وہ اپنے نام کی سکونت کے لئے چنے گا۔ وہاں یہ چیزیں قربان کر کے کھا تاکہ تُو عمر بھر رب اپنے خدا کا خوف ماننا سیکھے۔

24 لیکن ہو سکتا ہے کہ جو جگہ رب تیرا خدا اپنے نام کی سکونت کے لئے چنے گا وہ تیرے گھر سے حد سے زیادہ دُور ہو اور رب تیرے خدا کی برکت کے باعث مذکورہ دسواں حصہ اِتنا زیادہ ہو کہ تُو اُسے مقدِس تک نہیں پہنچا سکتا۔

25 اِس صورت میں اُسے بیچ کر اُس کے پیسے اُس جگہ لے جا جو رب تیرا خدا اپنے نام کی سکونت کے لئے چنے گا۔

26 وہاں پہنچ کر اُن پیسوں سے جو جی چاہے خریدنا، خواہ گائےبَیل، بھیڑبکری، مَے یا مَے جیسی کوئی اَور چیز کیوں نہ ہو۔ پھر اپنے گھرانے کے ساتھ مل کر رب اپنے خدا کے حضور یہ چیزیں کھانا اور خوشی منانا۔

27 ایسے موقعوں پر اُن لاویوں کا خیال رکھنا جو تیرے قبائلی علاقے میں رہتے ہیں، کیونکہ اُنہیں میراث میں زمین نہیں ملے گی۔

28 ہر تیسرے سال اپنی پیداوار کا دسواں حصہ اپنے شہروں میں جمع کرنا۔