صفنیا 3:14-20 UGV

14 اے صیون بیٹی، خوشی کے نعرے لگا! اے اسرائیل، خوشی منا! اے یروشلم بیٹی، شادمان ہو، پورے دل سے شادیانہ بجا۔

15 کیونکہ رب نے تیری سزا مٹا کر تیرے دشمن کو بھگا دیا ہے۔ رب جو اسرائیل کا بادشاہ ہے تیرے درمیان ہی ہے۔ آئندہ تجھے کسی نقصان سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔

16 اُس دن لوگ یروشلم سے کہیں گے، ”اے صیون، مت ڈرنا! حوصلہ نہ ہار، تیرے ہاتھ ڈھیلے نہ ہوں۔

17 رب تیرا خدا تیرے درمیان ہے، تیرا پہلوان تجھے نجات دے گا۔ وہ شادمان ہو کر تیری خوشی منائے گا۔ اُس کی محبت تیرے قصور کا ذکر ہی نہیں کرے گی بلکہ وہ تجھ سے انتہائی خوش ہو کر شادیانہ بجائے گا۔“

18 رب فرماتا ہے، ”مَیں عید کو ترک کرنے والوں کو تجھ سے دُور کر دوں گا، کیونکہ وہ تیری رُسوائی کا باعث تھے۔

19 مَیں اُن سے بھی نپٹ لوں گا جو تجھے کچل رہے ہیں۔ جو لنگڑاتا ہے اُسے مَیں بچاؤں گا، جو منتشر ہیں اُنہیں جمع کروں گا۔ جس ملک میں بھی اُن کی رُسوائی ہوئی وہاں مَیں اُن کی تعریف اور احترام کراؤں گا۔

20 اُس وقت مَیں تمہیں جمع کر کے وطن میں واپس لاؤں گا۔ مَیں تمہارے دیکھتے دیکھتے تمہیں بحال کروں گا اور دنیا کی تمام اقوام میں تمہاری تعریف اور احترام کراؤں گا۔“ یہ رب کا فرمان ہے۔