ناحوم 1:1-7 UGV

1 ذیل میں نینوہ کے بارے میں وہ کلام قلم بند ہے جو اللہ نے رویا میں ناحوم اِلقُوشی کو دکھایا۔

2 رب غیرت مند اور انتقام لینے والا خدا ہے۔ انتقام لیتے وقت رب اپنا پورا غصہ اُتارتا ہے۔ رب اپنے مخالفوں سے بدلہ لیتا اور اپنے دشمنوں سے ناراض رہتا ہے۔

3 رب تحمل سے بھرپور ہے، اور اُس کی قدرت عظیم ہے۔ وہ قصوروار کو کبھی بھی سزا دیئے بغیر نہیں چھوڑتا۔وہ آندھی اور طوفان سے گھرا ہوا چلتا ہے، اور بادل اُس کے پاؤں تلے کی گرد ہوتے ہیں۔

4 وہ سمندر کو ڈانٹتا تو وہ سوکھ جاتا، اُس کے حکم پر تمام دریا خشک ہو جاتے ہیں۔ تب بسن اور کرمل کی شاداب ہریالی مُرجھا جاتی اور لبنان کے پھول کملا جاتے ہیں۔

5 اُس کے سامنے پہاڑ لرز اُٹھتے، پہاڑیاں پگھل جاتی ہیں۔ اُس کے حضور پوری زمین اپنے باشندوں سمیت لرز اُٹھتی ہے۔

6 کون اُس کی ناراضی اور اُس کے شدید قہر کا سامنا کر سکتا ہے؟ اُس کا غضب آگ کی طرح بھڑک کر زمین پر نازل ہوتا ہے، اُس کے آنے پر پتھر پھٹ کر ٹکڑے ٹکڑے ہو جاتے ہیں۔

7 رب مہربان ہے۔ مصیبت کے دن وہ مضبوط قلعہ ہے، اور جو اُس میں پناہ لیتے ہیں اُنہیں وہ جانتا ہے۔