2-3 پھر قبیلوں کے بارہ سردار مقدِس کے لئے ہدیئے لے کر آئے۔ یہ وہی راہنما تھے جنہوں نے مردم شماری کے وقت موسیٰ کی مدد کی تھی۔ اُنہوں نے چھت والی چھ بَیل گاڑیاں اور بارہ بَیل خیمے کے سامنے رب کو پیش کئے، دو دو سرداروں کی طرف سے ایک بَیل گاڑی اور ہر ایک سردار کی طرف سے ایک بَیل۔
4 رب نے موسیٰ سے کہا،
5 ”یہ تحفے قبول کر کے ملاقات کے خیمے کے کام کے لئے استعمال کر۔ اُنہیں لاویوں میں اُن کی خدمت کی ضرورت کے مطابق تقسیم کرنا۔“
6 چنانچہ موسیٰ نے بَیل گاڑیاں اور بَیل لاویوں کو دے دیئے۔
7 اُس نے دو بَیل گاڑیاں چار بَیلوں سمیت جَیرسونیوں کو
8 اور چار بَیل گاڑیاں آٹھ بَیلوں سمیت مِراریوں کو دیں۔ مِراری ہارون امام کے بیٹے اِتمر کے تحت خدمت کرتے تھے۔
9 لیکن موسیٰ نے قِہاتیوں کو نہ بَیل گاڑیاں اور نہ بَیل دیئے۔ وجہ یہ تھی کہ جو مُقدّس چیزیں اُن کے سپرد تھیں وہ اُن کو کندھوں پر اُٹھا کر لے جانی تھیں۔